غزہ میں کم ازکم 70حملے کئے اور حماس کے 9 کمانڈروں کے گھروں کو نشانہ بنایا ، اسرائیلی فوج کا دعویٰ
غزہ (ویب ڈیسک)
فلسطین میں غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں میں مزید30فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ شہد ا کی تعداد 200سے تجاوز کر گئی ، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کومسلسل 10 منٹ تک جاری رہنے والے اسرائیلی فضائی حملوں سے غزہ شہر شمال سے جنوب تک لرز اٹھا۔ تازہ ترین اسرائیلی حملے حالیہ حملوں کے مقابلے میں زیادہ خطرناک اور وسیع پیمانے پر کیے گئے۔ 24 گھنٹے قبل ہونے والے حملے جس میں مزید 30 فلسطینی شہیداور درجنوں زخمی ہوگئے، غزہ پر تازہ حملوں کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے ۔غزہ کی پٹی میں ہفتے بھر سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 58 بچے اور 34 خواتین سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 218سے زائد ہو گئی جبکہ 1200سے زائد زخمی ہیں۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے غزہ میں کم ازکم 70حملے کئے، اسرائیلی میزائیل انتہائی گنجان آباد ساحلی علاقے میں گرے اور حماس کے 9 کمانڈروں کے گھروں کو نشانہ بنایا ۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے تازہ ترین حملوں میں مرکزی ساحلی سڑک، سکیورٹی کمپائونڈز اور کھلی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملوں سے غزہ کے بجلی گھر سے جنوبی غزہ شہر کے بڑے حصوں تک بجلی فراہم کرنے والی ایک لائن کو نقصان پہنچا ۔دوسری جانب حماس نے بھی غزہ سے اسرائیلی آبادی پر جوابی راکٹ حملے کئے۔