الیکشن کمیشن آف پاکستان ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتا ہے تاہم اس سلسلے میں سیکیورٹی کے معیار کو مد نظر رکھنا ہوگا ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ
اسلا م آباد (ویب ڈیسک)
سمندر پار پاکستانیوں کوووٹ کے حقوق اور الیکٹرونک ووٹنگ کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ایک اہم اجلاس الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئرآفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ اور عام انتخابات میں الیکٹرونک ووٹنگ میشن کے استعمال کے حوالے سے حال ہی میں جاری ہونے والے آرڈیننس مورخہ 8 مئی 2021ء کا جائزہ لیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر نے یہ واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتا ہے تاہم اس سلسلے میں سیکیورٹی کے معیار کو مد نظر رکھنا ہوگا اور انتہائی محتاط طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ انتخابات کے انعقاد کو شفاف،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ یقینی بنایا جا سکے۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے یہ ہدایات جاری کیں۔سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے پائلٹ پروجیکٹس کیے جن کی رپورٹ وفاقی حکومت کو دسمبر 2018ء کو پیش کی جا چکی ہے۔اس سلسلے میں حکومت نے وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی کو اس کا آڈٹ کرانے کا کہا ہے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ایک سپینیشن فرم کو یہ کام سونپا ہے جس میں آڈٹ رپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ 31مئی 2021ء ہے۔وزارت آئی ٹی کو لکھا جائے کہ یہ آڈٹ رپورٹ کمیشن سے شیئر کرے تاکہ اس پر مزید کام کیا جا سکے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں تمام متعلقہ آفیسران شامل ہونگے جو اس سلسلے میں ابھی تک جتنا کام ہوا ہے اس کو اکٹھا کریں گے اور اپنی سفارشات کے لیے کمیشن کے اگلے اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔میڈیا رپورٹ اور آج ایوان صدر میں ہوئے اجلاس سے یہ آگاہی ہوئی ہے کہ الیکشن کمیشن کی سمندر پار پاکستانیوں کی انٹرنیٹ ووٹنگ پر جو رپورٹ وفاقی حکومت کو جمع کروائی جا چکی ہے اس کو کابینہ اور پارلیمنٹ میں بحث کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایسا ہے تو اس بحث کے نتائج سے کمیشن کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس سے استفادہ حاصل کیا جا سکے۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 31 مئی 2021ء تک الیکٹرونک ووٹنگ میشن تیار کرنی ہے الیکشن کمیشن نے یہ ہدایات دی کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کو خط لکھا جائے کہ 31 مئی 2021ء کے بعد اس کی ڈیمو الیکشن کمیشن کو دیں تاکہ اس پر مزید کام کیا جائے۔الیکٹرونک ووٹنگ میشن پر الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو پائلٹ پروجیکٹ کی جو رپورٹ دسمبر 2017ء اور اپریل 2020ء کو دوبارہ بھیجی تھی اس کے حوالے سے بھی یہ آگاہی ملی ہے کہ حکومت کابینہ اور پارلیمنٹ میں رپورٹس پیش کرنے جا رہی ہے لہٰذا اس کے نتائج سے بھی الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے تاکہ اس سے بھی استعفادہ حاصل کیا جا سکے۔