لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح کی اعلی سطحی ملاقاتیں، صنعت، تجارت و معیشت کی بحالی کے لیے تجاویز پیش کیں

لاہور (ویب نیوز )لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں طارق مصباح نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر، وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور کیبنٹ سیکریٹری سردار احمد نواز سکھیرا سے ملاقاتیں کیں اور صنعت،تجارت و معیشت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تجاویز پیش کی ہیں۔ وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر سے ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کے صدر نے وفاقی بجٹ کے لیے لاہور چیمبر کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے صنعت و تجارت کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا جسے کرونا کی وجہ سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔ حماد اظہر نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی بجٹ میں صنعت و تجارت پر خصوصی توجہ اور ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا نے معیشت کے لیے سنگین چیلنجز پیدا کیے ہیں، حکومت ان سے نمٹنے اور معیشت کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی سیکٹر میں اصلاحات کی جارہی ہیں، سرکلر ڈیٹ، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن سسٹم کو اپ گریڈ کرنے اور بجلی کے شعبے میں بہترین خدمات فراہمی پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا مقصد سسٹم کی فعالیت میں اضافہ کرنا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور کیبنٹ سکریٹری سردار احمد نواز سکھیرا سے ملاقات میں لاہور چیمبر کے صدرمیاں طارق مصباح نے بالخصوص سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو درپیش مسائل اجاگر کیے اور ان کے حل پر زور دیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ایس ایم ایز کو بینکوں کے ذریعے فنانسنگ کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوئے، بینکوں کے علاوہ دیگر ذرائع سے ایس ایم ایز کو فنانسنگ کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں، اس مقصد کے لیے غیرملکی کمپنیوں کو بھی دعوت دی جارہی ہے۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے ایس ایم ای سیکٹر کو شدید نقصان ہوا ہے اس لیے حکومت کو مددگار پالیسیاں متعارف کرانی چاہئیں، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک کی معاشی ترقی کے لئے ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کا بڑا مسئلہ فنانسنگ تک محدود رسائی ہے،نجی شعبے کو کل قرضہ کا صرف 7.27 فیصد ایس ایم ای سیکٹر کو دیا جارہا ہے جو معمولی ہے اور اس میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔میاں طارق مصباح نے فیصلہ سازوں کو آگاہ کیا کہ نجی شعبے کی تجاویز صنعت اور معیشت کے لئے مناسب پالیسیاں مرتب کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ملک کا اہم چیمبر ہونے کے ناطے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی بجٹ کے لئے تجاویز وزارت خزانہ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کو بھجوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی بجٹ تجاویز میں ٹیکس، تجارت، صنعت، بجلی، انجینئرنگ، دواسازی، چاول، حلال خوراک، درآمدات، برآمدات سمیت تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔