موبائل آپریٹرویلیو ایڈڈ خدمات کو فعال کرنے سے پہلے صارفین کی پیشگی رضامندی حاصل کریں: پی ٹی اے
اسلام آباد (ویب نیوز )
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سیلولر موبائل آپریٹرزکو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے صارفین کو ویلیو ایڈڈ خدمات فعال کرنے کے لئے لازمی توثیقی پیغامات بھیجیں تاکہ واضح رضامندی حاصل کی جاسکے۔آپریٹروں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکم جاری کرنے کے تین ہفتوں میں رپورٹ جمع کرائیں۔
پی ٹی اے کو صارفین کی شکایات وصول ہوئی تھیں کہ بعض اوقات موبائل آپریٹرز صارفین کی پیشگی رضامندی کے بغیر تھرڈ پارٹی مواد / گیمز سمیت دیگر و یلیو ایڈڈ خدمات فعال کردیتے ہیں۔ پی ٹی اے نے اس طرح کی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے کیونکہ صارفین کی واضح رضامندی کے بغیر کسی ویلیو ایڈڈ خدمات کو فعال کرنا ”ٹیلی کام کنزیومر پروٹیکشن ریگو لیشنز "2009کی شق (vii) (3) 9کی خلاف ورزی ہے۔
توقع ہے کہ اس اقدام سے موبائل صارفین کو بڑی آسانی ہوگی۔ پی ٹی اے پاکستان میں ٹیلی مواصلات خدمات کے صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔