لیڈ۔۔(اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرعدم موجودگی) نثار علی خان رکنیت کا حلف نہ اٹھاسکے

کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں،ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے۔ ایک ہفتے قبل پنجاب اسمبلی کو خط لکھا اور حلف لینے سے متعلق آگاہ کیا، آج کہا گیا اسپیکر موجود نہیں حلف نہیں ہو سکتا۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان
پینل آف چیئرمین کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں لیکن آج بتایا گیا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے بغیر حلف نہیں لیا جا سکتا۔سیکرٹریٹ کے خلاف عدالت جائیں گے جبکہ دو روز بعد حلف اٹھانے پھر آؤں گا۔ میڈیا سے بات چیت
چوہدری نثار کا حلف لینے سے انکار نہیں کیا۔ 3 درخواستیں راولپنڈی بینچ اور 2 درخواستیں لاہورہائیکورٹ میں دائر ہیں۔ چیک کرسکیں کسی عدالت میں اسٹے تو نہیں؟ حلف لیکرتوہین عدالت کے مرتکب ہوں، سیکرٹری پنجاب

لاہور(ویب  نیوز) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ہوں،سیاسی معاملات پر زیادہ تبصرہ نہیں کرنا چاہتا، ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے، عمران خان کو مشورے دینے والے بہت سے لوگ ہیں، لیکن میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ٹھنڈا کرکے کھائیں۔۔پیر کوسابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی سے حلف اٹھائے بغیر باہر آئے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تین سال تک ذاتی طور پر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی۔ قومی اسمبلی کی نشست پر ناکام ہوا یا ناکام کیا گیا، اب حکومت ایک آرڈیننس کے ذریعے مجھے ڈی سیٹ کرنے کی کوشش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی نشست پر 34 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے ممبر منتخب ہوا۔ ایک ہفتے قبل پنجاب اسمبلی کو خط لکھا اور حلف لینے سے متعلق آگاہ کیا لیکن آج کہا گیا اسپیکر موجود نہیں حلف نہیں ہو سکتا۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پینل آف چیئرمین کے پاس تمام اختیارات ہوتے ہیں لیکن آج بتایا گیا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے بغیر حلف نہیں لیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کے خلاف عدالت جائیں گے جبکہ دو روز بعد حلف اٹھانے پھر آؤں گا۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو مشورہ دیتا ہوں کہ ٹھنڈا کر کے کھائیں۔ ملک کو مفاہمت کی ضرورت ہے البتہ سیاسی معاملات پر زیادہ تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔
سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حلف کے معاملے پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے وضاحت کی ہے۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے مطابق چوہدری نثار کا حلف لینے سے انکار نہیں کیا، اس معاملے میں 3 درخواستیں راولپنڈی بینچ اور 2 درخواستیں لاہورہائیکورٹ میں دائر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دو دن کا وقت مانگا ہے تاکہ چیک کرسکیں کسی عدالت میں اسٹے تو نہیں؟ کہیں ایسانہ ہوکہ اسٹے کے دوران حلف لیکرتوہین عدالت کے مرتکب ہوں۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا کہنا تھاکہ قانونی رائے لے کر چوہدری نثارکاحلف لیں گے۔ قبل ازیں چوہدری نثار تقریبا 3 سال بعد رکنیت کا حلف اٹھانے پنجاب اسمبلی پہنچے تاہم اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی غیر حاضری کے باعث حلف نہ اٹھاسکے۔چوہدری نثار کا کہنا تھاکہ دن متعین تھا لیکن بتایا گیا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی غیرموجودگی میں حلف برداری ممکن نہیں، معاملے پر کل یا پرسوں عدالت سے رجوع کرسکتا ہوں۔