وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اورساہیوال ڈویژن میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا آغاز لیہ سے کردیا ہے
ڈیرہ غازی خان اورساہیوال ڈویژن کے ایک کروڑ 15لاکھ افراد پروگرام کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کرسکیں گے
وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، 5ارب73کروڑ لاگت آئے گی
نیا پنجاب بیسک ہیلتھ یونٹ سولر لائزیشن پروگرام میں لیہ کو شامل کیا گیاہے، 36بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہاہے
طلبا و طالبات کوان کی دہلیز پر تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے 6گرلز کالج اور امیر الدین والا میں بوائز ڈگری کالج کا اعلان کرتا ہوں
چوک اعظم ٹی ایچ کیو میں ٹراما سنٹر، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈینٹل وارڈ،ٹی ایچ کیوکہروڑ میں چلڈرن وارڈ ز بنائینگے
13برس سے زیر التواء گریٹر تھل کینال کا منصوبہ دوبارہ شروع کیا ہے، لیہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے اراضی مختص کر دی گئی ہے
ذینفاکے تعاون سے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کے سولر پاور پراجیکٹ کے آغاز سے  188 ملین یونٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی
وزیراعلیٰ کالیہ میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اوراربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

لاہور (ویب ڈیسک)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے آج یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا آغاز لیہ سے کردیا ہے،اس پروگرام کو آج ڈیرہ غازی خان ڈویژن اورساہیوال ڈویژن میں باقاعدہ شروع کیا گیا ہے اوران دونوں ڈویژن کے 7اضلاع میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تاریخ ساز پروگرام کا آغاز کیاگیا ہے۔فلاحی ریاست کے ویژن کے مطابق پنجاب کے تمام شہریوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت کے لئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان اورساہیوال ڈویژن کے 48لاکھ خاندان اور ایک کروڑ 15لاکھ سے زائد افراد یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ دونوں ڈویژن کے شہری اپنا قومی شناختی کارڈ لے کر مخصوص ہسپتالوں میں جاکر علاج معالجے کی بہتر سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں – اس پروگرام کے تحت ہر خاندان سالانہ سوا 7لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکے گا اور اس کے ساتھ مریض کو آمد ورفت کے لئے کرایہ اور 5دن کے لئے ادویات بھی دی جائیں گی اور انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بہت جلد صوبہ پنجاب کا ہر شہری اس سہولت سے فیض یاب ہوگا۔یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام پنجاب ایسا پراجیکٹ ہے جس کی مثال جنوبی ایشیا تو کیا شایدبیشتر ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہ ملے۔جہاں ہر شہری کو مفت علاج معالجے کیلئے ایسی منفرد سہولت حاصل ہو۔ آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے اور اس ہسپتال سے ماں اور بچے کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی- لیہ کا سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال 5ارب73کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا۔وہ آج لیہ میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اوراربوں  روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پنجاب بیسک ہیلتھ یونٹ سولر لائزیشن پروگرام میں لیہ کو شامل کیا گیاہے اور اس کے 36بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہاہے-وزیراعظم عمران خان نے آج اس کا افتتاح کیاہے۔ لیہ میں آج 69کروڑ 40لاکھ روپے کے 2ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیاگیا ہے جس میں لیہ شہر کی بیوٹیفکیشن اور روڈ انفراسٹرکچر کامنصوبہ 30کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیاہے جبکہ نیا پاکستان منزلیں آسان پروگرام کے تحت 28کلو میٹر طویل سڑکوں کی 38کروڑ 20لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر مکمل کی گئی جبکہ ایک ارب 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کے 3 ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے عوام کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 67 کروڑ کی لاگت سے لیہ چوک اعظم دو رویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ لیہ کیلئے پنجاب حکومت 10 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 59 کروڑ روپے کی منظوری دے چکی ہے۔ ان میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع و بحالی کے 9 اور ہیلتھ کے منصوبے شامل ہیں۔لیہ میں شوگر کین سیس پروگرام کے تحت 40کروڑ روپے کی لاگت سے فارم ٹو مارکیٹ سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی گئی ہے- انہوں نے کہا کہ یکساں ترقی ہمارا ویژن ہے اوراسی ویژ ن کے تحت ہم لیہ کو بھی بڑے شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں تاکہ عوام کے احساس محرومی کاازالہ کیاجا سکے اور تبدیلی کے اس وعدے کی تکمیل نظر آئے جو ہم نے عوام سے کیا تھا-وزیراعلیٰ نے کہا کہ لیہ کیلئے خصوصی طورپر 13ارب80کروڑ روپے کا ڈسٹرکٹ پیکیج تیار کیاگیاہے جس میں 5 ارب 73 کروڑ کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بھی شامل ہے۔ اس پیکیج کے تحت 63  ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے ان میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت ہائر ایجوکیشن کے 8،سکول ایجوکیشن کے بھی 8،،نکاسی و فراہمی آب کے 6،ہیلتھ کے 5،ریسکیو1122 سروسز کے4،بیوٹی فکیشن اور میونسپل سروسز کے 2،روڈ سیکٹر کے12، سپورٹس اور ٹورازم سیکٹر کے 2پراجیکٹ مکمل کئے جائیں گے جبکہ ضلع لیہ میں اس وقت 21 ارب روپے کے910 ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں -انہوں نے کہا کہ لیہ میں یونیورسٹی کا قیام علاقے کے عوام کادیرینہ مطالبہ تھا۔ میں آج بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی بہادر کیمپس کو یونیورسٹی بنانے کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں اور آپ کو مبارکباد پیش کرتاہوں – یونیورسٹی آف لیہ کا اپنا ایکٹ ہوگا جس کی جلد تکمیل کیلئے ہائیر ایجوکیشن کو ہدایات دی جا چکی ہیں اور اس کے لئے300 ملین روپے گرانٹ دی جائے گی-میں علاقے کے طلبا و طالبات کوان کی دہلیز پر تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لئے 6گرلز کالج اور امیر الدین والا میں بوائز ڈگری کالج کا اعلان کرتا ہوں،ان منصوبوں پر75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔تعلیم کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لیہ کے 367سکولوں کواپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ لیہ کے مختلف دیہات او رقصبوں میں فراہمی اور نکاسی آب سمیت 6ترقیاتی منصوبے 77کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے-39کروڑ روپے کی لاگت سے ہیلتھ کے 5منصوبے مکمل کئے جائیں گے،عوام کی اشد ضرورت کے پیش نظرچوک اعظم ٹی ایچ کیو میں ٹراما سنٹربنایا جائے گااور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں ڈینٹل وارڈ،ٹی ایچ کیوکہروڑ میں چلڈرن وارڈز بھی بنائیں گے،اس کے علاوہ واڑہ سہراں اور بھاگل کے بی ایچ یوز اپ گریڈ کئے جائیں گے-چوک اعظم، فتح پور، کوٹ سلطان، 82 موڑ اور دھوری اڈا میں 9 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے 5 ریسکیو1122 سینٹرز کے قیام کا بھی اعلان کرتا ہوں۔20کروڑ روپے کی لاگت سے لیہ شہرکی بیوٹیفکیشن،سٹریٹ لائٹس اورسڑکوں کی کارپیٹنگ وغیرہ کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔2کروڑ 65لاکھ روپے کی لاگت سے لیہ شہر، کہروڑ لعل عیسن، جمن شاہ اور چوبارہ میں انصاف سپورٹس فیلڈ بنائے جائیں گے۔سیاحت کے فروغ کیلئے لیہ جیپ ریلی کو سپورٹس کیلنڈر ایونٹ قرار دیا  جائے گااور اس سفاری کے لئے 3کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں – 200کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے 12منصوبے2ارب 72کروڑ 17لاکھ روپے میں مکمل کیے جائیں گے جن میں 75کروڑ روپے کی لاگت سے لیہ تا کہروڑ 30کلو میٹر سڑک بھی شامل ہے-میانوالی مظفر گڑھ روڈ کی تعمیر و مرمت عوام کا دیرینہ مطالبہ اورضرورت ہے۔میری وزیراعظم عمران خان سے درخواست ہے کہ این ایچ اے کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس سڑک کو دو رویہ کرنے کے کام کا جلد آغاز کرے۔29ارب روپے کی لاگت سے لیہ،شورکوٹ، چیچہ وطنی 204کلو میٹر طویل روڈ ایشیئن ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے بنائی جائے گی جس پر کام کا آغاز اگلے مالی سال میں کر دیا جائے گا۔ اس دو رویہ سڑک کی تکمیل سے موٹروے ٹو انڈس ہائی وے رسائی بہتر ہو جائے گی- گریٹر تھل کینال کا منصوبہ جو 13سال سے زیر التواء تھا اس منصوبے کو پی ٹی آئی حکومت نے دوبارہ شروع کیا ہے- لینڈ ایکوزیشن کی مد میں ایک ارب 5 کروڑ روپے کلکٹر کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیئے گئے ہیں – صوبہ پنجا ب کے 5 اضلاع خوشاب، لیہ، بھکر، جھنگ اور مظفرگڑھ کی 17 لاکھ 34 ہزار ایکڑ زمینیں سیراب ہوں گی۔ ضلع لیہ میں چوبارہ برانچ سے 72 کلومیٹر طویل نہری نظام سے 2 لاکھ 94 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔کاشتکاروں کی سہولت کے لئے لیہ میں 23 قانونگوئی لیول پراراضی سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم وزیراعظم عمران خان کا تاریخی منصوبہ ہے- لیہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے 20ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جس پرقرعہ اندازی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔(ZHENFA)ذینفاکے تعاون سے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کے سولر پاور پراجیکٹ کا آغاز ہونے جا رہا ہے جس سے 188 ملین یونٹ سالانہ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی اور اس کا نرخ3.7 سنٹ فی ڈالر ہو گا جو سولر سیکٹر میں اب تک سب سے کم ترین نرخ ہے – اس پراجیکٹ پر باقاعدہ کام کا آغاز ہو چکا ہے اور دسمبر تک اسے مکمل کر لیا جائے گااور اس پراجیکٹ سے حاصل کردہ بجلی عوام کو کم نرخ پر فراہم کی جا سکے گی- جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ لیہ کی تحصیل چوبارہ میں قائم ہو گی اور علاقے میں صنعتیں آنے سے خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے – یہاں نہ صرف پہلے سے موجود محکموں کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے بلکہ ملتان میں نئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اور بہاولپور میں بھی نئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد جلد رکھا جا ئے گا- ہم نے جنوبی پنجاب کے لئے پہلی مرتبہ 33 فیصد بجٹ مختص کر کے رنگ فینسنگ کر دی ہے – اب یہ بجٹ جنوبی پنجاب سے کسی اور علاقے میں مختص نہیں کیا جا سکے گا- وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکاہے اور ہم اس سفر کی منزل کو حاصل کر کے دم لیں گے-