اراکین اسمبلی میرے ساتھی،انکے جائز کام ہر صورت ہونگے،کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دونگا:عثمان بزدار
یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کالیہ سے آغاز آج پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن،انصاف صحت کارڈ غریب طبقہ کیلئے نعمت
دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج کا ہدف مقرر کیا ہے،تحریک انصا ف کی حکومت لیہ کے عوام کو ان کا حق واپس کررہی ہے
لاہور (ویب ڈیسک)
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے آج سرکٹ ہاؤس لیہ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے آغاز پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی اورکہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب کے ہر شہری کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے پروگرام کا لیہ سے آغاز خوش آئند ہے اوریہ تاریخی پروگرام عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے انقلابی اقدام ثابت ہوگا۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں،ان کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔کسی کو جائز کاموں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہے۔پنجاب میں ہر شہری کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے تاریخی پروگرام کا آغاز ہونے جارہاہے اورانصاف صحت کارڈ غریب طبقہ کیلئے نعمت ہے۔یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا آغاز لیہ سے کررہے ہیں۔دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج کا ہدف مقرر کیا ہے۔ترقی کا سفر لیہ جیسے دوردراز علاقے تک پہنچایا ہے اور لیہ میں اربوں روپے کاترقیاتی پیکیج دیا جارہاہے۔ماضی میں لیہ کو نظر انداز کر کے علاقے کے لوگوں کی محرومیوں میں اضافہ کیاگیا۔سابق دو ر میں لیہ کے عوام کوخالی نعروں سے بہلایا گیا۔تحریک انصا ف کی حکومت لیہ کے عوام کو ان کا حق واپس کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محروم علاقوں کی ترقی پر وسائل خرچ کرتے رہیں گے۔ اراکین قومی اسمبلی عبدالمجید خان نیازی، ملک نیاز احمد جھکڑ،صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک،معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد علی اولکھ،محمد طاہر رندھاوا،سردار شہاب الدین،سید رفاقت علی اوردیگر اس موقع پر موجود تھے جبکہ چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،کمشنر ڈیرہ غازی خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔