کراچی: امن وامان سندھ حکومت کا مسئلہ ہے۔ گورنر راج کا کوئی پلان نہیں۔شیخ رشید
بدامنی کے خاتمہ کے لیے سندھ سمیت جس صوبے کوضرورت ہوگی،مدد کریں گے،مراد علی شاہ سے مل کرڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کریں گے
کسی مشن پر نہیں ہوں وزیراعلیٰ سندھ کا احترام کرتا ہوں لیکن میں غیر ذمے دار نہیں ہوں اور وزیراعظم کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کروں گا۔ وفاقی وزیر داخلہ
نادرا کے افسران نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیاہے۔ کالعدم تحریک لبیک کے معاملے پرکمیٹی بن گئی ۔ دور وزہ دورے پر کراچی آمد۔صحافیوں سے گفتگو
کراچی(ویب نیوز)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ امن وامان سندھ حکومت کا مسئلہ ہے، سندھ میں گورنرراج کا کوئی پلان نہیں ہے،مراد علی شاہ سے ملکرڈاکوؤں کے خلاف گرینڈ آپریشن کریں گے،بدامنی کے خاتمہ کے لیے سندھ سمیت جس صوبے کوضرورت ہوگی،مدد کریں گے۔وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا کے افسران نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ کالعدم تحریک لبیک کے معاملے پرکمیٹی بن گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو 2 روزہ دورے پر کراچی آمد کے بعد ائیرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے اوروزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی کے دورے پرآیا ہوں،کسی مشن پر نہیں ہوں، امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے،صوبے میں نہ گورنر راج آ رہا ہے اور نہ ہی آپریشن کرنے جا رہے ہیں،میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا احترام کرتا ہوں لیکن میں غیر ذمے دار نہیں ہوں اور وزیراعظم کو حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کروں گا،آج جمعرات کو گورنر سندھ سے ملاقات کر کے
نادرا کا دورہ کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ نادرا بہت بڑی چور بازاری ہے، اس ملک میں کرپشن کے ڈھیر ہیں اور نئے چیئرمین کے ساتھ مل کر ان کا صفایا کرنا ہے نادرا میں بڑی چور بازاری کرپشن اورلوٹ مارجاری ہینادرا کی جانب سے شناختی کارڈ کے اجراء میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ بھی کیا گیا ہے جس پر ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ایک صحافی کے استفسارپر وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ یہ جو آپ کہہ رہے ہیں کہ گورنر راج آ رہا ہے یا ہم آپریشن کرنے جا رہے ہیں تو ایسا کچھ نہیں ہے،ایسا تاثر دیا جارہا ہے جیسے سندھ جل رہا ہے، رینجرز اور ایف سی سے بات کر کے معاملہ بہتر کریں گے اور اسی لیے جمعرات کو صبح دس بجے مل رہے ہیں لیکن حتمی فیصلہ عمران خان کا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں وزارت داخلہ کی طرف سے کسی چھرے کی بندوق کا لائسنس بھی جاری نہیں ہوا،موجودہ دورمیں کسی کواسلحہ لائسنس جاری نہیں کیا گیا، اسلحہ لائسنس سابق ادوارمیں جاری کیے گئے۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کراچی سے منشیات کا خاتمہ کریں گے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ سے بات کریں گے۔شیخ رشید کہنا تھا کہ میں عمران خان کی ٹیم کا ایک وزیر ہوں۔ وزیراعظم نے اسد عمر اور گورنر سندھ کے کہنے پر مجھے حکم دیا ہے کہ میں کراچی جاؤں اور انہیں رپورٹ کروں، جس نے مجھے آرڈر دیا ہے میں اس کو رپورٹ جمع کراؤں گا،امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے، جو وزیر اعلیٰ سندھ کہیں گے،جو مددمانگیں گے دینگے،امن وامان کیمسئلے پرمرادعلی شاہ کیساتھ ہیں، امن و امان کے قیام کے لیے سارے سندھ کو صاف کریں گے اور امن کا گہوارہ بنائیں گیجہاں لاقانونیت ہوگی اس صوبیکی مدد کرینگے۔انہوں نے واضح کیا کہ میں سندھ کے مسئلے کی بات کرنے نہیں بلکہ امن و امان پر بات کرنے آیا ہوں، نہ کسی کی وزارت میں مداخلت کرتا ہوں اور نہ ہی کسی کو اپنی وزارت میں دخل دینے دیتا ہوں دورہ کراچی سیاسی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں صرف ایک گروپ ہے اوروہ عمران خان کا ہے، صرف ایک گروپ ہے جو عمران خان ہے اورعمران خان پانچ برس پورے کریں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ رنگ روڈ معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے۔ عمران خان دورمیں اتنا بڑا ریکوڈک کیس جیتا گیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ کراچی میں مشن صرف امن ہے،کراچی میں میری اہم ملاقاتیں طے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات ہو گی اور رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کروں گا کراچی سے واپسی پر وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کروں گا۔