تمام جماعتوں کے ساتھ پی ڈی ایم کو برقراررکھنے کے لئے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی
ایک پارٹی کو 8 جماعتوں کے سامنے سرنڈر ہونا چاہیے۔مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد (ویب نیوز)تمام جماعتوں کے ساتھ پی ڈی ایم کو برقراررکھنے کے لئے کوئی پیش رفت نہ ہوسکی مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ ایک پارٹی کو 8 جماعتوں کے سامنے سرنڈر ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ( ن)کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی جماعت کو اختیار نہیں کہ ایک پارٹی کو نکالے یا شامل کرے۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے متعلق فیصلہ پی ڈی ایم اجلاس میں ہوگا۔ گزشتہ شب مولانا فضل الرحمان کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کو( آج ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس ہوگا جس میں ملکی صورتحال اور بجٹ پر تبادلہ خیال ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔ میری کوئی ذاتی رائے نہیں، مسلم لیگ (ن) کی رائے ہے۔ میری دعوت کا پی ڈی ایم سے تعلق نہیں تھا۔ ہم نے پارلیمانی لیڈرز کو بلایا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی غفلت کو مل کر بے نقاب کرنا ہے۔ ویکسین کے آتے ہی حکومت نے کیا اقدامات کیے؟ کرپشن نہ ہوتی تو ویکسی نیشن کے معاملات بہتر ہوتے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس وقت ملک کی قیادت نااہل لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔ حکومت قومی اداروں کو تباہ کر رہی ہے۔ ہم پر زبردستی قوانین لاگو نہ کئے جائیں۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو سلیکٹ کرکے قوم ہر مسلط کیا گیا۔ بند کمروں کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے، اب سب کو ملک کے مستقبل کیلئے سوچنا ہوگا۔ ایک پارٹی کو 8 جماعتوں کے سامنے سرنڈر ہونا چاہیے۔