• پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز کے اجرا کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا فیصلہ دے چکی ، سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے
  • اجلاس میں قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کی الیکشن فنڈز کے لئے ڈیڈلائن سے متعلق کیس پر بریفنگ بھی دی

اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ ملک میں الیکشن سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔وزیراعظم ہاس میں ہونے والے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو ، میاں افتخار، خالد مقبول صدیقی، آفتاب شیرپا،  خالد مگسی، آغا حسن بلوچ، چوہدری سالک حسین، طارق بشیرچیمہ، ساجد میر، حافظ عبدالکریم، مریم اورنگزیب، اعظم نزیر تارڑ، رانا ثنااللہ، قمر زمان کائرہ، ایاز صادق اور  اسحاق ڈار سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ایک ساتھ ہونے ہیں یا علیحدہ علیحدہ اورکب ہونے ہیں، فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کریں گے لیکن کسی کی ضد، انا اورخواہشات کے مطابق فیصلے نہیں ہوسکتے جب کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے پارلیمنٹری کمیٹی کا فورم استعمال کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز کے اجرا کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا فیصلہ دے چکی ہے اور پارلیمنٹ کا فیصلہ مقدم ہے، سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔اجلاس میں بھرپور مزاحمت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عزم کیا گیا کہ پارلیمنٹ بالادست ہے اور تمام اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہیں۔اجلاس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ ایم کیو ایم کے مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کی الیکشن فنڈز کے لئے ڈیڈلائن سے متعلق کیس پر بریفنگ بھی دی۔