کورونا وائرس ، ملک بھر میں مزید56افراددم توڑ گئے
اموات 20736تک پہنچ گئیں،2697نئے کیسز رپورٹ
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان بھر میں عالمی وباء کوروناوائرس کے مزید56مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد20736تک پہنچ گئی جبکہ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوروناوائرس کے2697نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، ملک میں کوروناوئرس کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح 4.81تک پہنچ گئی، ہفتہ کے روز تین لاکھ83ہزار955افراد کو کوروناوائرس کی ویکسین لگائی گئی جبکہ اب تک کل 70لاکھ 93ہزار803افراد کو کوروناوائرس کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی)کی جانب سے اتوار کے روز ملک میں کوروناوائرس کے حوالے سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اب تک کورکوناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 9لاکھ18ہزار936تک پہنچ گئی ۔ اب تک ملک بھرمیں کوروناوائرس کے8 لاکھ39ہزار322مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد58878تک پہنچ گئی ۔ اس وقت ملک میں کوروناوائرس تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد4017 تک پہنچ گئی ۔ صوبہ پنجاب ملک بھر میں کوروناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز، صحت یاب ہونے والے مریضوں اور کوروناوائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے پہلے نمبر پر آگیا جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔جبکہ صوبہ سندھ کوروناوائرس کے فعال کیسز کے اعتبار سے ملک بھر میں پہلے نمبر پر آگیا۔ این سی اوسی کے مطابق پاکستان میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.3فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح91.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوروناوائرس کے2620مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔