مسلم لیگ ن کے ایک ”میان“ میں چچا بھتیجی کا ساتھ رہنا مشکل ہے: حافظ حسین احمد
شنید ہے کہ پی ڈی ایم کے استعفوں کے آپشن پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی عمل کریں گے
اپوزیشن تین سالوں سے دھرنوں اور استعفوں کی ناکامی کے بعد سزا یافتہ عناصر کو لندن پہنچانے میں مصروف ہے
مشرف دور میں حقوق نسواں بل کے وقت قومی اسمبلی میں اللہ رب العزت کے نناوے اسماء کی قسم کھانے والوں نے اس وقت بھی استعفیٰ نہیں دیا
پارٹی کے واضح فیصلوں کے باوجود نواز شریف کی خواہش پراپوزیشن کے امیدوار کے مقابلے میں صدر کا الیکشن لڑتے وقت ناجائز اسمبلیاں کیسی جائز قرار پائی؟
تین سال تک رینٹل اور ناکام پروگراموں اور پی ڈی ایم کے ٹوٹنے کے بعد اب کراچی اور سوات میں جلسوں سے تبدیلی نہیں البتہ ”دھاڑی“ تو لگ جائے گی
کوئٹہ/عبد الحکیم /ملتان(ویب نیوز ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے شنید ہے کہ پی ڈی ایم (رینٹل گروپ) کے استعفوں کے آپشن پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی عمل کرینگے کیونکہ ن لیگ کے ایک ”میان“ میں چچا اور بھتیجی کا ایک ساتھ رہنا مشکل ہوتا جارہاہے اپوزیشن گزشتہ 3 سالوں سے دھرنا، رینٹل مارچ اور استعفوں کے ٹرک کے بتی کے پیچھے عوام کو لگا نے کی ناکامی کے بعداب سزا یافتہ عناصر کو لندن پہنچا نے میں ہمہ تن مصروف ہیں۔ وہ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا جنرل پرویز مشرف کے دور میں حقوق نسواں کے نام سے لا ئے گئے بل کو قومی اسمبلی میں پیش کر تے وقت اللہ رب العزت کے ننانوے اسماء الحسنی کی قسم کھا کر کہا گیا تھا کہ ہم ایک لمحہ ضائع بغیر قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیکر باہر نکل جائیں گے لیکن دنیا نے دیکھا کہ اس بل کے پاس ہوتے وقت میں اکیلا ہی استعفیٰ دے کر باہر نکل آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس قومی اسمبلی میں موصوف نہ آسکے تو پارٹی کے واضح فیصلوں کی باوجود میاں نواز شریف کی خواہش پر چوہدری اعتزاز احسن جو اپوزیشن کے امیدوار تھے کے مقابلے پر الیکشن لڑتے وقت یہی اسمبلیاں جائز قرار پائی لیکن موصوف آج پھر 3 سال تک رینٹل اور ناکام پروگراموں اور پی ڈی ایم کے ٹوٹنے کے بعد اب کراچی کے مدارس کے کھلنے اور سوات کے پرفضاء اور خنک موسم میں رینٹل جلسہ سے اسلام آباد میں استعفوں کے بغیر تبدیلی واقع نہیں ہوئی بھی تو ”دھاڑی“ تو لگ ہی جائے گی۔