شہباز شریف براہ راست اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑنے لگے ہیں: حافظ حسین احمد

اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں پر پی ڈی ایم شہباز شریف کو تو نہیں اسٹیبلشمنٹ کو ہی شوکاز نوٹس جاری کردے

چھوٹے میاں نے اپنے مفاہمانہ ہتھیار سے بڑے میاں اور مولانا فضل الرحمن کے مخالفانہ بیانیہ کو منطقی انجام تک پہنچا دیا 

شہباز شریف نے اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پڑنے کے بعد لندن جاکر نواز شریف کے پاؤں پکڑنے کا اعلان بھی کردیا ہے

اسٹیبلشمنٹ کے طے شدہ فیصلے کے تحت شہباز شریف پی ڈی ایم اور عید قربان کی دونوں قربانی لندن میں ہی دینا چاہتے ہیں

 کوئٹہ/کراچی/اسلام آباد(ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ پی ڈی ایم قائد حزب اختلاف کے اسٹیبلشمنٹ کے تازہ ترین براہ راست ملاقاتوں پر پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی فوری طور اسٹیبلشمنٹ کو ایک عدد ”شوکازنوٹس“ جاری کردیں کیونکہ وہ شہباز شریف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی جرات تو کر نہیں سکتے۔ وہ اتوار کو اپنی رہائشگاہ 

جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا اور مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے مفاہمت کے ہتھیار سے میاں نوازشریف  اور مولانا فضل الرحمن کے اسٹیبلشمنٹ مخالفانہ بیانیہ کو اپنے منطقی انجام تک پہنچادیا ہے اب صرف اس کی آخری رسومات کی ادائیگی باقی ہے، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ گٹھ جوڑ پر بظاہر پابندی کے فیصلے کے بعد اب قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست پاؤں پڑنے کے بعد میاں نواز شریف کے پاؤں پکڑنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ سے طے شدہ فیصلے کے حوالے سے لندن جاکر میاں نوازشریف کے پاؤں پکڑ نے کا اعلان بھی کردیا ہے اور غالباً شہباز شریف پی ڈی ایم اور عید دونوں قربانیاں لندن میں ہی دینا چاہتے ہیں لیکن ہمیں تو اب فکر ہے پی ڈی ایم کے نمائشی سربراہ کی کیونکہ جو انداز انہوں نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کے حوالے سے اپنائے رکھا کیا وہ شہبازشریف کو اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پڑنے اور بڑے بھائی میاں نوازشریف کو ”بوٹ پالش بیانیہ“ پر آمادہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کریں گے  اگر ایسا ہو گیا تو ”نمائشی کالیا“ تب تیرا کیا ہوگا؟