اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ۔ نیپرا نے ملک بھر میں بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے لوڈشیڈنگ میں اضافے کے بعد تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)اور کے الیکٹرک سے لوڈ شیڈنگ کی رپورٹ طلب کر لی۔نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے ؟ حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ڈسکوز کی ذمہ داری ہے۔نیپرا نے ہدایت کی کہ صارفین کو بجلی کی بلاتعطل بجلی فراہمی یقینی بنائی جائے اور لوڈشیڈنگ سے متعلق تمام حقائق سے جمعہ تک آگاہ کیا جائے۔گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگاواٹ بڑھ گئی اور این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 150 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔لیسکو کو 450 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے فنی خرابیوں کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ فتح گڑھ گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔