لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس …نیپرا نے بجلی کمپنیوں سے لوڈ شیڈنگ کی رپورٹ طلب کر لی
بجلی کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں، بجلی پوری ہے، تربیلا ڈیم میں مینیٹیننس کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ، حماد اظہر
بجلی کی لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ڈسکوز کی ذمہ داری ہے۔ صارفین کو بجلی کی بلاتعطل بجلی فراہمی یقینی بنائی جائے۔نیپرا کی ہدایت
گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگاواٹ بڑھ گئی اور این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 150 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔
اسلام آباد(ویب نیوز) ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ نیپرا نے ملک بھر میں بجلی لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے لوڈشیڈنگ میں اضافے کے بعد تمام بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز)اور کے الیکٹرک سے لوڈ شیڈنگ کی رپورٹ طلب کر لی۔نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کیوں ہو رہی ہے؟ حقائق سے آگاہ کیا جائے۔ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ڈسکوز کی ذمہ داری ہے۔نیپرا نے ہدایت کی کہ صارفین کو بجلی کی بلاتعطل بجلی فراہمی یقینی بنائی جائے اور لوڈشیڈنگ سے متعلق تمام حقائق سے جمعہ تک آگاہ کیا جائے۔گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 4 ہزار 600 میگاواٹ بڑھ گئی اور این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کو 4 ہزار 150 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔لیسکو کو 450 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے فنی خرابیوں کی شکایات میں بھی اضافہ ہو گیا۔ فتح گڑھ گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ تربیلا ڈیم میں مینیٹیننس کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بجلی کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے بجلی پوری ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ 48 گھنٹے سے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی مختلف وجوہات ہیں ایک وجہ یہ ہے کہ تربیلا ڈیم میں مینٹیننس کا کام جاری ہے تین سے چار دنوں کے اندر کام مکمل ہو جائے گا اور وہاں سے بجلی بحال ہو جائے گی۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ کچھ ٹیکنیکل خرابیاں ہیں جن کی وجہ سے بجلی کا نقصان ہوا ہے اور جلد دوسرے پلانٹس سے بجلی بحال کردی جائے گی۔ میں واضح کردوں کہ بجلی کی کمی کا قطعاً کوئی ایشو نہیں ہے بجلی ہمارے پاس ضرورت سے زیادہ ہے جو پورا سال رہتی ہے اور پورا سال ہزاروں میگاواٹ ایسے ہیں جو ہم نہیں استعمال کرتے لیکن پرانے معاہدوں کے باعث ہمیں ان کی مکمل رقم کرائے کے طورپر ادا کرنی پڑتی ہے کچھ ٹیکنیکل فالٹ ہیں جو 48 گھنٹوں سے ہمارے سامنے آئے ہیں اس پر ہم ایک دو دن میں قابو پالیں گے۔ 3 سے 4 دنوں میں 3000 میگاواٹ بجلی واپس بحال ہوجائے گی۔