اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اونٹاریو واقعے کے بعد ہر پاکستانی افسردہ ہے، اس اقدام کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیئے۔
عالمی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے اونٹاریو واقعے کے بعد حکومتوں پر نفرت اور انتہاپسندی کے خلاف اقدامات کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن نفرت اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی رہنما اقدامات کریں، نفرت پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف بھی ایکشن ہونا چاہیئے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ بھی اٹھایا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز مواد کے خلاف اقدامات کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی رہنماؤں نے جب اس پر ایکشن لینے کا سوچا وہ نمٹ لیں گے، مغربی ممالک کے رہنما اس بات کو سمجھے ہی نہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا عالمی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بھی کہنا ہے کہ بطور انسان آپ کو آزادی ہے، مگر آپ کے فعل سے کسی دوسرے کو تکلیف نہ پہنچے۔