پاکستان دنیا میں8ویں بڑی موبائل فون استعمال کرنے والی مارکیٹ ہے ‘موبائل مینو فیکچررزایسوسی ایشن
مقامی انڈسٹری کو طلب پورا کرنے ، برآمدات کے قابل بنانے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت درکارہے ‘سردارخان
لاہور (ویب نیوز)پاکستان موبائل فون مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردارخان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں8ویں بڑی موبائل فون استعمال کرنے والی مارکیٹ ہے اورطلب کو پورا کرنے کیلئے سالانہ اربوں روپے کا قیمتی زر مبادلہ خرچ ہوتا ہے،بجٹ میں موبائلزکی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ خوش آئند ہے لیکن مقامی انڈسٹری کو طلب پورا کرنے اور برآمدات کے قابل بنانے کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت درکارہے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سی پیک کے تحت لگنے والے اکنامک زونزمیں اینڈرائیڈ موبائل فونزکی انڈسٹری میںسرمایہ کاری کرنے والوں کو ترغیب دینے کیلئے خصوصی چھوٹ اورمراعات دی جائیں ، ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ ہماری مصنوعات برآمدبھی ہوسکیں اور ہم معیارپر توجہ دے کر علاقائی مارکیٹوں پر اپنی گرفت کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انٹر نیٹ پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ واپس لے کر دانشمندی کامظاہرہ کیا ہے جس پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین سے اظہارتشکرکرتے ہیں۔