سری نگر (ویب ڈیسک)

کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی پر زور دیا کہ وہ کشمیری قیدیوں کی حالت زار معلوم کرنے کیلئے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے جیلوں کا دورہ کریں۔مسرت عالم بٹ ، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ،ایازمحمد اکبر ، پیر سیف اللہ ، راجہ معراج الدین کلول ، شاہد الاسلام ، آسیہ اندرابی ، ڈاکٹر حمید فیاض ، امیر حمزہ ، محمد یوسف میر ، فاروق احمد ڈار ، نعیم احمد خان ،محمد یوسف فلاحی ، مظفر احمد ڈار،شاہد یوسف شاہ ، شکیل یوسف شاہ ، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین اورکشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی کی فوری رہائی  میں مدد دی جائے ۔ کے پی آئی  کے مطابق حریت کانفرنس نے مختلف جیلوں میںبند حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی حالت زار پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جیل حکام کی طرف سے نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے غیر انسانی سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیلوںمیںحریت رہنمائوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے ۔مہلک کورونا وبا کے پیش نظر جیل میں بڑی تعداد میں قیدیوںکی موجودگی کی وجہ سے سماجی فاصلہ برقراررکھنا اور دیگر قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ناممکن ہے ۔قیدیوں کے ساتھ غلاموں اور جانور جیساسلوک روا رکھا جارہا ہے اور جیلوں کوایذارسانی کے مراکز میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں قیدیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔انہوں نے جھوٹے الزامات کے تحت عمر قید کی سزا کاٹنے والے حریت رہنمائوں ڈاکٹر شفیع شریعتی ، ڈاکٹر محمد قاسم ،غلام قادر بٹ ، محمد ایوب میر ، محمد ایوب ڈار ، نذیر احمد شیخ ، شوکت احمد خان ، مقصود احمد بٹ اور اشرف لالی کی رہائی کابھی مطالبہ کیا ۔ مولوی بشیر احمد نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ہیومن رائٹس واچ اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی حالت زار کا از خود جائزہ کیلئے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی جیلوں کا دورہ کریں۔حریت رہنما نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض فورسز کی طرف سے کشمیری عوام بالخصوص جیل حکام کی طرف سے کشمیری نظربندوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا سخت نوٹس لیں ۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کی خاطراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل کیلئے بھی زوردیا۔