پی ٹی سی ایل اور جی سی یو کے درمیان آئی سی ٹی کی پریمیم سروسز کی فراہمی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور (ویب نیوز )
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے لاہور میں جی سی یو کیمپس میں منعقدہ تقریب کے دوران گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (GCU) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔مفاہمت نامے کے تحت پی ٹی سی ایل کی طرف سے طالب علموں، سابق طلباء اور سٹاف ممبرز کو آئی سی ٹی کی پریمیم سروسز بشمول بلا تعطل ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز کیلئے خصوصی رعایتی پیکیجز کی پیش کش کی جائے گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نعمان درانی، ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ (ای وی پی) سیلز،پی ٹی سی ایل نے کہا ”ہمیں جی سی یو کے ساتھ اشتراک اور بلاتعطل آئی سی ٹی سروسزکی فراہمی بشمول طالب علموں اور سٹاف ممبرز کو رعایتی پیکیجز تک رسائی سے تعلیمی شعبہ میں اپنے کردار پر خوشی ہے۔ اس اشتراک سے پی ٹی سی ایل جدید ترین آئی سی ٹی سروسز سے لیس ارزاں کنکٹیویٹی سلوشنز فراہم کر ے گا جس سے طالب علموں کو اپنے خیالات پر توجہ مرکوز کرنے اور انہیں پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔ اس طرح کی شراکت داریوں سے ہم ملک بھر میں جی سی یو جیسے تعلیمی اداروں کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کوشاں ہیں جو قوم کی تعمیر کیلئے طالب علموں کی تربیت میں اہم کردار کررہے ہیں۔“
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی (تمغہ امتیاز)، وائس چانسلر، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، لاہور نے کہا”پی ٹی سی ایل کے ساتھ اشتراک ہمارے لئے باعث مسرت ہے جس سے ہمارا تعلیمی نظام معیاری آئی سی ٹی سروسز تک رسائی کے ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز کی بہتر اور موثر انداز میں خدمت کرسکے گا۔ جدید ترین ٹیکنالوجی، بہتر کنکٹیویٹی تعلیمی کارکردگی کیلئے لازمی بن چکے ہیں۔ پی ٹی سی ایل کے وسیع انفراسٹرکچر اور مہارت سے استفادہ ہماری انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے میں یقیناً مددگارثابت ہوگااوراس سے ہمارے طالب علموں اور اساتذہ کو کئی طرح سے فائدہ پہنچے گا۔“
پی ٹی سی ایل پاکستان میں بہترین انٹر نیٹ سروسز کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے جدید ترین سلوشنز کی فراہمی میں پیش پیش ہے۔