بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق مزید کسی بھی اقدام سے باز رہے، پاکستان
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی علاقائی و آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوں پر تحفظات ہیں
بھارت ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے ، یورینیم اور ایٹمی مواد چوری ہونا شدید تشویش کا باعث ہے
پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تاہم ہماری پوزیشن واضح ہے
کلبھوشن یادیو کی رہائی کیلئے کوئی قانونی سازی نہیں کی جا رہی ،سعودی ولی عہد کا دورہ حتمی تاریخ طے ہونے کے بعد ہو گا
پاکستان عالمی ذمہ داریوں کے مطابق منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے پرعزم ہے
افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا
اماراتی حکام کو پاکستان میں کرونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے،ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آباد( نیوز) پاکستان نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق مزید اقدامات سے باز رہے، مزید غیر قانونی اقدامات خطے میں امن واستحکام کو خطرے سے دوچار کر دیں گے، بھارت ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے ، یورینیم اور ایٹمی مواد چوری ہونا شدید تشویش کا باعث ہے۔ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تاہم ہماری پوزیشن واضح ہے، کلبھوشن یادیو کی رہائی کیلئے کوئی قانونی سازی نہیں کی جا رہی ،سعودی ولی عہد کا دورہ حتمی تاریخ طے ہونے کے بعد ہو گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر از سرنو غور کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کی حیثیت اور آبادی کے ڈھانے میں کسی بھی تبدیلی کی کوششوں کی مخالفت جاری رکھے گا۔ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلیوں، مقبوضہ علاقے کی مزید تقسیم کے حوالے سے بھارتی میکنزم سے متعلق رپورٹس پر سخت تحفظات ہیں،وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری،اقوام متحدہ،بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور گلوبل میڈیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور یو این سلامتی کونسل کے قراردادوں کے سراسر منافی ہیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے اس تاثر کو یکسر مسترد کیا کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کی رہائی کیلئے کوئی قانونی سازی کی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تمام عالمی زمہ داریوں کی پاسداری کرتا ہے اور یہ قانون کلبھوشن یادیو کے مقدمے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے عین مطابق ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان، بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کیساتھ پر امن تعلقات چاہتا ہے لیکن ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اس کیلئے بامعنی رابطے ضروی ہیں تاکہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کو حل کیا جا سکے۔بھارت یورینیم کی غیر قانونی فروخت کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی کو اپنے جوہری مواد کی سیکورٹی کو مستحکم کرنے کیلئے موثر اور مناسب اقدامات اٹھانا ہونگے۔ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر پاکستان نے کامیابی سے عمل کیا ہے اور ان اقدامات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے، پاکستان عالمی ذمہ داریوں کے مطابق منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کیلئے پرعزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت میں یورینیم چوری بھارتی باشندوں کی طرف سے کیا گیا اور بھارتی پولیس نے پکڑا بھارت اس معاملہ میں پاکستان کو کیسے بدنام کر سکتا ہے بھارت اپنے ایٹمی مواد کی سیکیورٹی بہتر بنائے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ جی سیون جیسے منصوبے ترقی و تعاون کے فروغ کے لئے ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی سطح پر رابطے موجود ہیں فی الحال سعودی عرب کی طرف سے کوئی چینی ویکسین فہرست میں شامل نہیں کی گئی۔ متحدہ عرب امارات نے کویڈ کے باعث پاکستان سمیت مختلف ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں ہم نے اماراتی حکام کو پاکستان میں کرونا اعدادوشمار بھجوا کر ویزا پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے تشدد میں کمی ضروری ہے افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔
#/S