عدالت نے گرین بیلٹ کیس کی سماعت دو ماہ کے لیے ملتوی کردی
کراچی (ویب ڈیسک)
سپریم کورٹ آف پاکستان نے دو ماہ کے اندر گرین بیلٹ سے تمام تر تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 میں گرین بیلٹ پر تجاوزات سے متعلق درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔جمعہ کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد نے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 میں گرین بیلٹ پر تجاوزات کیس میں تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے دو ماہ کے اندر گرین بیلٹ سے تمام تر تجازوارت ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت نے گرین بیلٹ پر قائم گھروں سمیت تمام تر اسٹرکچر بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ شہریوں نے گرین بیلٹ پر کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن بنانے کیخلاف درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے درخواستگزاروں کے گھروں سمیت. ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیدیا۔عدالت نے تحریری حکم نامے میں تنبیہ کی ہے کہ گھر اور اسٹرکچر خود سے نہ ہٹایا گیا تو متعلقہ ادارے کو کارروائی کی ہدایت دیں گے۔ عدالت نے گرین بیلٹ کیس کی سماعت دو ماہ کے لیے ملتوی کردی۔