اپوزیشن مری ہوئی ہے، شیخ رشیداحمد
انجن، پسٹن اور گراری اپوزیشن کی ناکارہ ہو گئی ہے
انہیں ایوان میں بولنے دیا جائے اور کیا رکھا ہے اس کے پاس
وزیر داخلہ کی پہلے ایگل سکواڈکے معائنے کے موقع پر بات چیت
اسلام آباد (ویب نیوز) صوبوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بھی ”ایگل سکواڈ” فعال ہو گئی۔ ڈیڑھ سو جوانوں پر مشتمل سکواڈ ڈی چوک میں ڈیڑھ سو نوجوانوں پر مشتمل ایگل سکواڈ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد کی سکیورٹی کے لئے روانہ کیا۔ ایگل سکواڈ کے نتیجے میں شہر میں بیشتر ناکے ختم ہو جائیں گے۔ جمعے کو ڈی چوک میں چاق و چوبند ایگل سکواڈ کا وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے معائنہ کیا۔ ان کے معائنے کے بعد ڈیڑھ سو جوانوں پر مشتمل یہ دستہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں کی طرف قیام امن کی نگرانی کے لئے روانہ ہو گیا۔ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے بات جیت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ناکوں کی وجہ سے عام آدمی مشکلات سے دوچار ہوتا ہے۔ ملک کے دوسرے حصوں سے لوگ سیر کے لئے اسلام آباد آتے ہیں اور یہاں ناکوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایگل سکواڈ بنا دی۔ ناکوں کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے اسلام آباد پولیس کے پاس عوامی شکایات کو جائز قرار دیا اور کہا کہ تھانوں کی سطح پر نگرانی کا سسٹم بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد کو اس بارے میں ضروری ہدایات جاری کر چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عام آدمی کا سوچنا ہے کہ اس کی زندگی میں آسانی آئے۔ اس کے لئے مشکلات کھڑی نہیں کرنی۔ عام آدمی کیلئے اسلام آباد آمد و رفت میں آسانی ہونی چاہئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کسی حد تک اعتراف کیا کہ جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ پولیس کو توجہ دینی چاہئے۔ قومی اسمبلی میں تین روزہ بدترین ہنگامہ آرائی سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا انجن، پسٹن، گراری سب ناکارہ ہو چکی ہے۔ کم از کم انہیں بولنے دیں۔ اپوزیشن کو میڈیا اور ایوان میں بولنا چاہئے۔ ناکام اور کمزور اپوزیشن ہے۔ دسمبر 2020ء میں حکومت گرانے کا دعویٰ کر رہے تھے۔ عمران خان کی حکومت پانچ سال مکمل کرے گی۔ اپوزیشن میں کوئی دم خم نہیں ہے۔ اپوزیشن پہلے ہی مری ہوئی ہے۔ اسمبلی میں تین دن جو ہوا اس سے جمہوریت کو عزت نہیں ملی۔ ہم نے اپوزیشن کے ساتھ جوڈو کراٹے نہیں کرنے کیونکہ اپوزیشن پہلے ہی مری ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان پورے پانچ سال لگائیں گے۔ ہمارا مشن ہے کہ اسلام آباد میں جرائم ختم کریں۔ پاس ہی موجود آئی جی پولیس اسلام آباد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان سے کہتا ہوں کہ شہر کو منشیات سے پاک کرنا ہے۔ چھوٹے موٹے غریبوں کو پکڑ کر بڑوں کو جانے نہیں دینا کیونکہ یہاں قانون غریب کے لئے حرکت میں آتا ہے۔ اسلام آباد میں تجاوزات مافیا کی بیخ کنی کریں گی۔ سکیورٹی کے لئے بہتر اقدامات کر رہے ہیں، لوگوں کو ای پاسپورٹ مہیا کرنے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں خواتین کا ایک بازار بھی بنایا جائے گا۔ جہاں خواتین کی دکانیں ہوںگی اس حوالے سے ڈی سی کو ہدایات دیدیں۔