حکمران اتحاد و اپوزیشن میں شامل گیارہ پارلیمان جماعتوں کی باقاعدہ تفصیلات جاری

اپوزیشن میں اکثریتی آزاد گروپ کی درخواست پرعمر ایوب خان اپوزیشن لیڈر مقرر ہوئے

جلد تمام پارلیمانی لیڈرز کے نوٹی فیکیشن جاری کر دئیے جائیں گے

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

ملک کی گیارہ پارلیمانی  جماعتوں کی باقاعدہ تفصیلات جاری کر دی گئیں ، پی ٹی آئی سنی اتحاد کونسل شامل نہیں ہیں ۔ اسمبلیوں میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کو آزاد تصور کیا گیا  ہے  جلد جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے نوٹی فیکیشن جاری کر دئیے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے حکمران اتحاد اور اپوزیشن کی گیارہ پارلیمانی جماعتوں کی تفصیلات باقاعدہ طور پر اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیں 88 آزاد ارکان کی کوئی سیاسی وابستگی ظاہر نہیں کی گئی۔اپوزیشن میں اکثریتی آزاد گروپ کی درخواست پرعمر ایوب خان اپوزیشن لیڈر مقرر کئے گئے وہ  آزاد گروپ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی کریں گے ۔ پارلیمانی جماعتوں میںمسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ق ، ایم کیو ایم پاکستان ، بلوچستان عوام پارٹی ، استحکام پاکستان پارٹی ، جے یو آئی ف ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل ، نیشنل پارٹی ، مجلس وحدت المسلمین پاکستان شامل ہیں ۔ آئندہ مرحلے میں ان جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کے نوٹی فیکیشن جاری کر دئیے جائیں گے  ۔ آزاد گروپ کا بھی پارلیمانی لیڈر ہو گا اس حوالے سے پی ٹی آئی میں مشاورت جاری ہے ۔ پارلیمانی لیڈرز کو ایوان میں پہلی قطار میں نشستیں الاٹ کی جائیں گی ۔