بشری بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ،جلد اور زبان پر نشانات موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی

 بشری بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم سے کروانے کا حکم دیا جائے، احتساب عدالت سے استدعا

عدالت کی بانی پی ٹی آئی کو بشری بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت

میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں،بشری بی بی کی عدالت میں میڈیا سے گفتگو

راولپنڈی( ویب  نیوز)

بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ بشری بی بی کو بنی گالہ میں زہر دیا گیا ہے بشری بی بی کی جلد اور زبان پر زہر کے نشانات موجود ہیں۔ اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ بانی پی ٹی آئی نے احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سے کہا کہ بشری بی بی کو بنی گالہ میں زہر دینے کی کوشش کی گئی ہے، ان کی جلد اور زبان پر نشانات ہیں، ان کا مکمل میڈیکل چیک اپ کرنے کا حکم دیا جائے، مجھے پتا ہے اس کے پیچھے کون ہے۔بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی کہ بشری بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم سے کروانے کا حکم دیا جائے، بشری بی بی کا معائنہ ایک جونیئر ڈاکٹر سے کروایا گیا جس پر ہمیں اعتبار نہیں، بشری بی بی کو زہر دیے جانے کے معاملے پر انکوائری بھی کروائی جائے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو بشری بی بی کے طبی معائنے سے متعلق تفصیلی درخواست دینے کی ہدایت کردی۔ بشری بی بی نے عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، شب معراج کے روز میرے کھانے میں ہارپک کے تین قطرے ملائے گئے، تحقیق سے پتا چلا کہ ہارپک سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے انکھوں میں سوجن ہو جاتی ہے سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے، کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے، پہلے شہد میں بھی کچھ ملایا گیا تھا اب کھانے میں بھی ہارپک ملایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ہارپک ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتاں گی ،مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے، پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھی اب کچھ دیر کے لیے کھول دی جاتی ہیں۔ انہوں ںے مزید کہا کہ پنجابی کہاوت ہے کہ بندہ بندے نو کھا جاندااے، جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھا تو اس کہاوت کی سمجھ آئی ہے۔