بھار ت میں مسئلہ کشمیر پر 24 جون کو اے پی سی طلب ،ریاستی حیثیت کی بحالی پر گفتگو کا امکان
بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے تمام اہم سیاسی رہنمائوں کو اے پی سی میں شرکت کے دعوت نامے بھیج دیئے
محبوبہ مفتی نے دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کردی ، معاملے پر مشاورت کیلئے آج اپنی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا
نئی دہلی/سرینگر(ویب نیوز) بھار ت نے مسئلہ کشمیر پر 24 جون کو آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) طلب کی ہے جس کی صدارت نریندر مودی کریں گے۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے تمام اہم سیاسی رہنمائوں کو اے پی سی میں شرکت کے دعوت نامے بھیج دیئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اے پی سی 24 جون کو ہو گی جس میں مقبوضہ وادی کی ریاستی حیثیت کی بحالی پر گفتگو ہوسکتی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعلی مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی سمیت دیگرجماعتوں کے رہنماوں کو دعوت نامے بھیج دیئے گئے ہیں۔محبوبہ مفتی نے دعوت نامہ ملنے کی تصدیق کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر مشاورت کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق محبوبہ مفتی نے آج (اتوارکو) اپنی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں مودی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔