افغانستان سے خام مال کی درآمدپر ڈیوٹی صفر ہونے سے دو سالوں میں برآمدات تین گنا بڑھ سکتی ہیں’ کارپٹ ایسوسی ایشن
لاہور (صباح نیوز) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ افغانستان سے جزوی تیار اورخام مال کی درآمدپر ڈیوٹی صفر ہونے سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات میں دو سالوں میں تین گنا اضافہ ممکن ہے ،بھرپور کوشش ہے کہ رواں سال پاکستان میں کارپٹ کی عالمی نمائش کاانعقادکیا جائے تاہم کورونا کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر گروپ لیڈرعبد اللطیف ملک،عثمان اشرف ، میجر (ر) اختر نذیر ،سعید خان ،محمداکبر ملک،اعجازالرحمان ،فیصل سعید خان ،دانیال حنیف اوردیگر بھی موجودتھے جبکہ دوسرے شہروںکے ممبران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کر کے اپنی تجاویز دیں۔ ریاض احمد نے اجلاس کے شرکاء کو وفد کے ہمراہ مشیر تجارت عبد الرزاق دائود اوردیگر سے ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوںنے کہا کہ ہم پر امید ہے کہ برآمدات کی ترقی کیلئے ہماری گزارشات کو ضرورزیر غورلایا جائے گا جس سے تنزلی کا شکار اس صنعت کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نمائشوںمیں شرکت اوراپنے ملک میں انعقاد پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کا موثر ذریعہ ہے ۔انڈسٹری سے وابستہ تمام لوگ اپنے غیر ملکی کسٹمرزسے رابطے بڑھائیں اور ان سے پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کے انعقاد کے مجوزہ فیصلے کے حوالے سے رائے بھی حاصل کی جائے ۔