مختلف تجارتی منصوبوں کی یادداشتوں پر دستخط’ باہمی تعاون، تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

 پاکستان نائیجر کیساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے’قربان علی’ مرزا عبدالرحمن، غلام علی

پاکستان کو نائیجر کے فری ٹریڈ معاہدہ کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے’ گاتو صابو مختار’ زکری ورگو’ احمد علی سہرے

اسلام آباد(ویب نیوز ) جمہوریہ نائیجر کے وزیر تجارت و صنعت گاتو صابو مختار کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کیپٹل آفس اسلام آباد کا دورہ کیا۔جہاں ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی ، کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن ، سارک چیمبر کے نائب صدرحاجی غلام علی سمیت فیڈرل ایریا و خیبرپختونخوا کی بزنس کمیونٹی سے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔ ایف پی سی سی آئی اور نائیجر حکومت کے مابین باہمی تجارت، اعلیٰ سطحی تجارتی وفود کے تبادلوں ، سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان انٹرنیشنل اکنامک زون  پرایویٹ لیمیٹڈ اور کیپٹل فنانس گروپ آف ناجر کے مابین ناجر کے دارلخلافہ نیامی میں پہلے اسپیشل اکنامک زون کی تعمیر سمیت مختلف تجارتی منصوبوں کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔نائیجر کے وفد میں وزیر سرمایہ کاری زکری ورگو’ پاکستان کے نائیجر میں سفیر احمد علی سہروئے سمیت نائیجر فیڈریشن چیمبر کے عہدیدران شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی ، کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن ، سارک چیمبر کے نائب صدر حاجی غلام علی نے وفد کوکیپٹل آفس آمدپر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نائیجر کے ساتھ اپنے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اعلیٰ سطحی تجارتی وفود کے تبادلوں سے ان تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات ، زرعی اشیاء اور دیگر مصنوعات معیاری ہیں اور نائیجر اس کیلئے اہم مارکیٹ ثابت ہو سکتا ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت ، سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا ۔ اس موقع پر نائیجر میں پاکستانی سفیر احمد علی سہروئے نے نائیجر میں سرمایہ کاری ، تجارتی مواقعوں اور تعلقات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی اور بتایا کہ اگست میں پاکستانی سفارتخانہ اور نائیجر حکومت ملکر انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کانفرنس کا انعقاد کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے نائیجر میں بھارتی اثرو رسوخ ختم کردیا ہے اب پاکستان کو چاہیے کہ وہ یہاں تجارتی مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائے ۔ اس موقع پر نائیجر کے وزیر تجارت گاتو صابو مختار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ پاکستان کے باسمتی چاول بہترین ہیں۔ نائجر کے پاس پاکستانی برآمد کنندگان کے لئے ایک نئی مارکیٹ ہے۔ دواسازی ، زراعت اور دیگر شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تجارت ہماری ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو نائیجرکے ذریعے افریقی ریجن سمیت یورپی ممالک میں فری ٹریڈ معاہدہ کی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔کیونکہ افریقہ دنیا کا گیٹ وے ہے اور نائیجر کی پوری میں ایکسیس ہے ۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدور سجاد سرور، عدنان جلیل، اقبال حسین بنگش، میاں زاہد پٹیالہ، سید زین علی ، میاں سعد احمد علی ، شمس سلطان علی و دیگر موجود تھے ۔ آخر میں چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس قربان علی ، کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن ، نائب صدر سارک چیمبر و سابق صدر ایف پی سی سی آئی حاجی غلام علی ، سابق نائب صدور ایف پی سی سی آئی سجاد سرور اور عدنان جلیل نے نائیجر کے وزیر صنعت و تجارت صابو گاتو ‘وزیر سرمایہ کاری زکری ورگو’ پاکستان کے نائیجر میں سفیر احمد علی سہروئے کو ایف پی سی سی آئی کی روایتی شیلڈیں پیش کیں۔