ملک کا انتخابی نظام مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے
صدر مملکت کا انتخابی اصلاحاتی عمل کے حوالے سے وفاقی وزرا کے ساتھ اجلاس کے دوران اظہار خیال
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری لانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لینے کیلئے تیار ہوں، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستانی عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے،ملک کا انتخابی نظام مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی اصلاحاتی عمل کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ، وزیر تعلیم شفقت محمود ، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز ا، سید امین الحق اور ظہیرالدین بابر اعوان کے ساتھ اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر انتخابی قوانین کو بہتر بنانے کے سلسلے میں مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اصلاحاتی عمل آگے بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے مابین اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتخابی قوانین میں بہتری لانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لینے کیلئے تیار ہوں، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاکستانی عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کے لئے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ملک میں شفاف انتخابی عمل کیلئے سیاسی قیادت کو تعاون کے جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت نے کہا کہ سیاسی قیادت کو انٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کیلئے تعاون کی ضرورت ہے، انتخابی عمل مزید شفاف ، محفوظ اور غیر جانبدار بنانے کیلئے اصلاحاتی عمل تیز کرنے کی ضرورت ہے، ملک کا انتخابی نظام مستحکم بنانے کیلئے مل کر کام کرنا سیاسی جماعتوں اور متعلقہ اداروں کی قومی ذمہ داری ہے، صدر مملکت نے کہا کہ جمہوری عمل مستحکم بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کو تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل تھی ، اس بار بھی سیاسی قیادت کو عوام کے سیاسی حقوق کی خاطر تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔