جوہر ٹائون دھماکا’ ائیر پورٹ سے غیر ملکی شخص گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل
گاڑی کے مالک پیٹرسن ڈیوڈ کو کراچی جانے والی فلائٹ سے آف لوڈ کیا گیا
سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں چھاپے، کئی مشکوک افراد کو زیر حراست لے لیا

لاہور(ویب  نیوز)لاہور کے علاقے جوہر ٹائون دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی۔ حساس ادارے نے ائیر پورٹ سے غیر ملکی شخص کو حراست میں لے لیا۔ گاڑی کے مالک پیٹرسن ڈیوڈ کو کراچی جانے والی فلائٹ سے آف لوڈ کیا گیا۔ حساس ادارے نے پیٹرسن کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ دوسری جانب جوہر ٹائون میں دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے شواہد محفوظ کرنے کا عمل مکمل کر لیا۔ جائے وقوعہ سے بال بیرنگ، لوہے کے ٹکڑے اور گاڑی کے پارٹس جمع کرلئے گئے، دھماکے کی جگہ سے بارودی مواد کے کیمیکل ایگزامینیشن کے لیے سیمپل بھی اکٹھے کئے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں چھاپے جاری ہے، جس میں کئی مشکوک افراد کو زیر حراست لے لیا۔ذرائع کے مطابق دھماکے میں ممکنہ طور پر استعمال گاڑی بابو صابو انٹر چینج سے داخل ہوئی۔ گاڑی بدھ کی صبح 9 بج کر 40 منٹ کے قریب داخل ہوئی، بابو صابو ناکے پر گاڑی کی باقاعدہ چیکنگ بھی ہوئی۔ گاڑی کا پولیس چیکنگ کے باوجود دھماکے میں استعمال ہونا سوالیہ نشان ہے۔ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے گاڑی کے داخلے کی فوٹیج حاصل کرلی۔