ضم شدہ اضلاع میں 32 سرکاری ادارے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹس کے ماتحت کرنے کا فیصلہ

پشاور (بیورو چیف ) خیبرپختونخوا حکومت نے ضم شدہ اضلاع میں ڈائریکٹوریٹس اور بڑے سرکاری اداروں کے انتظامی امور ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹس (ADS) کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے انتظامی نظام کے تحت سرکاری ملازمین کی سروس حیثیت، سینیارٹی، پنشن اور دیگر مراعات متاثر نہیں ہوں گی جبکہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹس اور صوبائی حکومت کے درمیان افسران و ملازمین کے تبادلوں کے لیے چیف سیکرٹری کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹس کے ماتحت ادارے اپنے موجودہ دفاتر، گاڑیاں اور دفتری سہولیات استعمال کرتے رہیں گے۔
نئے انتظامی نظام کے تحت 32 سرکاری ڈائریکٹوریٹس اور اداروں کو ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹس کے ماتحت کیا گیا ہے، جن میں آثار قدیمہ، ثقافت و سیاحت، ہائر ایجوکیشن، وائلڈ لائف، محکمہ خوراک، ماحولیات، ریسکیو 1122، اینٹی کرپشن اور دیگر ادارے شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے انتظامی انتظامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گے۔





