جنرل نشستوں پرخواتین امیدواروں سے متعلق غیر سرکاری ادارے  کی جائزہ رپورٹ جاری

111 سیاسی جماعتوں کی  275 خواتین امیدوار ہیں

کل  نامزد 6037 امیدواروں  میں خواتین کا تناسب4.6 فیصد ہے

30جماعتوں نے پانچ یا پانچ فیصد سے زیادہ خواتین کو میدان میں اتارا ہے

اسلام آباد (ویب  نیوز)

انتخابات 2024  میں جنرل نشستوں پر سیاسی جماعتوں کی خواتین امیدواروں سے متعلق ایک غیر سرکاری ادارے  کی جائزہ رپورٹ جاری کردی گئی۔  انتخابات  2024  میں جنرل نشستوں پر   111 سیاسی جماعتوں کی  275 خواتین امیدوار ہیں  ۔خواتین امیدوار ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر سیاسی  جماعتوں کے نامزد 6037 امیدواروں کا 4.6 فیصد بنتا ہے۔الیکشنز ایکٹ  کے مطابق ہر سیاسی جماعت پر لازم ہے کہ  جنرل نشستوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب کرتے وقت خواتین امیدواروں کی کم از کم پانچ فیصد نمائندگی کو یقینی بنائے۔مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست فارم-33)) پر مبنی ہے۔ 111 سیاسی جماعتوں میں سے تقریبا 30 نے جنرل نشستوں پر پانچ یا پانچ فیصد سے زیادہ خواتین کو میدان میں اتارا ہے، جب کہ چار سیاسی جماعتوں نے جنرل نشستوں پر 4.50 سے 4.99 فیصد کے درمیان خواتین امیدوار نامزدکی ہیں  ۔ 77 نے جنرل نشستوں پر 4.50 فیصد تک خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دیئے ہیں ۔ عام نشستوں پر 4.50 فیصد سے کم خواتین امیدوار نامزد کرنے والی جماعتیں زیادہ ہیں کیونکہ اس شق کا اطلاق تکنیکی طور پر صرف ان سیاسی جماعتوں پر ہوتا ہے جو جنرل نشستوں پر کم از کم 20 امیدوار کھڑے کرتی ہیں۔ جنرل نشستوں پر صرف 35 سیاسی جماعتوں نے 20 سے زائد امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے، 94 جماعتوں نے مجموعی طور پر 1,872 امیدواروں کو جنرل نشستوں کے لیے ٹکٹ مختص کیے ہیں، جن میں 92 خواتین شامل ہیں، جو کہ میدان میں ہیں کل امیدواروں میں سے 4.91 فیصد خواتین ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے لیے 70 جماعتوں نے کل 1,878 امیدواروں کو ٹکٹیں الاٹ کی ہیں جن میں 58 خواتین (کل کا 3.09 فیصد) شامل ہیں۔ سندھ اسمبلی کے لیے 50 جماعتوں نے کل 948 امیدواروں کو ٹکٹیں الاٹ کی ہیں، جن میں سے 59 خواتین (کل کا 6.22 فیصد)ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کے لیے 37 جماعتوں نے کل 533 امیدواروں کو ٹکٹ الاٹ کیے ہیں، جن میں سے 19 خواتین (کل کا 3.56 فیصد) ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے لیے 44 جماعتوں نے 806 امیدواروں کو ٹکٹ الاٹ کیے ہیں، جن میں سے 47 خواتین (کل کا 5.83 فیصد) ہیں۔