ڈیزل کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی، گھریلو سلنڈر 3 ہزار 470 روپے سے تجاوز کرگیا
اوگرا نے نومبر کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، 11.8 کلوگرام سلنڈر 173 روپے 86 پیسے مہنگا، اضافے کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا
اسلام آباد ( ویب نیوز) ملک بھر میں مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں فی کلو 14 روپے 73 پیسے اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 470 روپے سے تجاوز کرگئی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کیا گیا ہے، جس کے بعد 11.8 کلوگرام کے سلنڈر کی نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ اکتوبر میں اسی سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی ٹن پروڈیوسر قیمت میں 14 ہزار 733 روپے 98 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نومبر کے لیے پروڈیوسر قیمت 2 لاکھ 52 ہزار 775 روپے 47 پیسے فی ٹن مقرر ہوئی ہے، جبکہ صارفین کے لیے قیمت 2 لاکھ 94 ہزار 75 روپے 47 پیسے فی ٹن ہوگئی ہے۔ اوگرا کے مطابق گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں 6.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں 0.12 فیصد کمی ہوئی۔ ان عوامل کے نتیجے میں ایل پی جی کی صارف قیمت میں مجموعی طور پر 5.27 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ رات ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے، تاہم پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔





