سکیورٹی فورسز جان کی قربانی دے کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے،آئی ایس پی آر

سبی  (ویب ڈیسک)

سبی میں دہشتگردوں نے ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 5جوان شہید ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان میں ضلع سبی کے علاقے سنگن میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور کی پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 5 جوان شہید ہوگئے، شہید ہونیوالوں میں حوالدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک ناصرعباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ظفر علی خان، شہید ہدایت اللہ اور شہید نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ شہید ناصر عباس کا تعلق بھکر اور شہید بشیر احمد کا تعلق نصیر آباد سے ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا  ،ایف سی بلوچستان نے دہشت گردوں کے فرار کے راستے بلاک کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں، بلوچستان کا امن   چندعناصر کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، سکیورٹی فورسز خون اور جان کی قربانی دے کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے۔