بے مثال کارکردگی پر پولیس سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان کی قیادت میں ایک وفد نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والے دو پولیس سپاہیوں کا نسٹیبل محمد ارشد اور کانسٹیبل محمد ثقلین کی عیادت کی۔ دونوں پولیس سپاہی گذشتہ دنوں جی الیون ون اسلام آباد میں مسلح ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے جب ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر افراد کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا تھا۔ آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران عمر حسین، رانا قیصر شہزاد، سیف الرحمٰن خان اور چوہدری اشرف فرزند کے علاوہ ظفر بختاوری، خالد چوہدری، سردار طاہر،محمد حسین، چوہدری ندیم الدین، طہماس بٹ، محسن خالد اور دیگر وفد میں شامل تھے۔ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطاؤالرحمٰن، ایس پی سٹی رانا عبدالوہاب، ایس پی اسپیشل برانچ زبیر شیخ اور ایس ایچ او سیکرٹیریٹ میاں خرم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سردار یاسر الیاس خان نے زخمی پولیس سپاہیوں کو ان کی بہادری اور شاندار کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا کیونکہ انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک خاندان کی جان و مال کی حفاظت کی جبکہ دو ڈاکوؤں کا گرفتار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل محمد ارشد اور کانسٹیبل محمد ثقلین نے فرض شناسی کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے جو باقی پولیس والوں کیلئے قابل تقلید ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ محمد ارشد اور محمد ثقلین جیسے پولیس اہلکار ہمارے معاشرے کے عظیم ہیرو ہیں اور دوسروں کے لئے رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس فورس میں ایسے سپاہیوں کی موجودگی سے تاجر برادری سمیت شہریوں میں بہتر تحفظ کا احساس پیدا ہوتا ہے۔
سردار یاسر الیاس خان اور وفد کے دیگر افراد نے اعلیٰ کارکردگی کے اعتراف میں زخمی پولیس سپاہیوں کو کچھ نقد انعامات بھی پیش کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کی مکمل صحت یابی کے بعد آئی سی سی آئی ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کرے گا جس میں ان کو ایوارڈ دیئے جائیں گے۔
آئی سی سی آئی کے صدر اور وفد کے دیگر ممبران نے اسلام آباد پولیس کی خدمات کو بھی سراہا۔ا نہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں جرائم کی شرح سب سے کم ہے جو قابل تعریف ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی اور تاجر برادری آئندہ بھی سرشار اور دیانتدار پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے کیونکہ ایک پرامن ماحول میں ہی کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملتا ہے اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے میں پولیس کا کردار بہت اہم ہے۔