کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کردی
ڈپٹی اٹارنی جنرل ،چیئر مین پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اور وزارت اطلاعات و نشریات سمیت دیگر مدعاعلہیان کو 8جولائی کے لیے نوٹس جاری
کراچی(ویب نیوز)سندھ ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد سے متعلق دائر دعوی پر پاکستان ٹیلی کمیونکیشن ( پی ٹی اے) کو پاکستان میں سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے آپریشن کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل ،چیئر مین پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اور وزارت اطلاعات و نشریات سمیت دیگر مدعاعلہیان کو 8جولائی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جوابات طلب کرلیے۔پیر کوسندھ ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی مواد سے متعلق محمد کامران مجیب کی جانب سے دائر دعو یٰ کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر اسد اشفاق نیکہا کہ ٹک ٹاک چلانے والوں کو فحش کانٹیکٹ نہ چلانے کو کہا گیا لیکن بہتری نہیں ہوئی اور پی ٹی اے سے بھی شکایت کی لیکن جواب نہیں ملا جبکہ ٹک ٹاک وڈیوز سے فحاشی پھیل رہی ہے، ایسی وڈیو چلائی جاتی ہیں جو ملکی ثقافت اور مذہبی اصولوں کے خلاف ہیں،ٹک ٹاک پر حال ہی میں ہم جنس پرستی کو فخریہ پیش کیا جا رہا ہے، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے بھی کئی بار رجوع کیا لیکن شکایت نہیں گئی جبکہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ٹک ٹاک پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے ،ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر اسلامی مواد کو ہٹایا نہیں گیا ہے۔ لہذا استدعا ہے کہ ہے کہ سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بعد ازاں عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونکیشن ( پی ٹی اے ) کو پاکستان میں سوشل میڈیا ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے آپریشن کو معطل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 8جولائی تک ملتوی کردی۔