یکم جولائی کو قومی سلامتی بارے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی، شاہ محمود قریشی
پارلیمانی کمیٹی کو افغان امن عمل اور بھارت کے ساتھ معاملات اور خطے کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا جائے گا
پاکستان منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے تدارک کیلئے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری رکھے، پارلیمنٹ گیلری میں صحافیوں سے گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یکم جولائی کو قومی سلامتی کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی، پارلیمانی کمیٹی کو افغان امن عمل اور بھارت کے ساتھ معاملات اور خطے کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ گیلری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یکم جولائی کو قومی سلامتی کے حوالے سے بریفنگ کیلئے اہم اجلاس طلب کیاہے۔ پاکستان منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے تدارک کیلئے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔ ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ خطے میں امن و امان کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ امریکہ اہم ملک ہے چاہیں گے کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ دورہ اسرائیل کے حوالے سے خبروں کو زلفی بخاری لغو اور بے معنی قرار دے چکے ہیں اور دوٹوک الفاظ میں اس بات کو مسترد کرچکے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بجٹ کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں بجٹ پر بحث اچھے انداز میں ہوئی کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی۔ یہ بجٹ عوام کی توقعات کے مطابق پاکستان کو خوشحالی کی طرف مائل کرے گا۔