ملک بھر میں بجلی بحران ،لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے تک پہنچ گیا
خیبر پختونخوا، سندھ ، بلوچستان میں بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی
لاہور سمیت پنجاب کے شہروں میں ہرگھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ لوڈشیڈنگ جاری
اسلام آباد ،لاہور (ویب نیوز) ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہونے لگی جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا ،بجلی کے شارٹ فال کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا دورانیہ بھی بڑھ گیا، لاہور میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب 4600 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ، طلب اور رسد میں میں بہت بڑے فرق کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند کی جارہی جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دوارنیہ 18 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو بجلی کے شارٹ فال کے ساتھ سسٹم اوور لوڈ ہونے سے دہری اذیت کا بھی سامنا ہے۔ اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ہر 4 گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ جبکہ راولپنڈی میں ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ۔اس کے علاوہ خیبر پختونخوا، سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں شدید گرمی اور بجلی کی بندش نے عوام کی زندگی کو اجیرن کردیا ۔ پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار میگاواٹ ہے۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 13 ہزار میگاواٹ جب کہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹ 2 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے لیکن اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ تک جاپہنچی ، اس طرح ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ ہے۔mk/ah