اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو اصل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ابھی سے اس سے نمٹنے کیلئے تیاری شروع کرنا ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست میں سب سے پہلے نچلے طبقے کی مدد کی گئی جبکہ چین نے 35 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو پہلے غربت سے نکالا، چین نے اپنے ملک کواٹھانے کے لیے چھوٹے کسانوں کی مدد کی، ہمیں بھی 74 سال پہلے اپنے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنی چاہیے تھی۔

عمران خان نے کہا آزادی کے بعد حکمرانوں نے سب کو ترقی میں شامل نہیں کیا۔ امیر اور غریب کے لیے تعلیم کا الگ الگ نظام ہے۔ سرکاری ہسپتال پیچھے اور پرائیوٹ ہسپتال بہتر ہو گئے۔ انصاف کا نظام ایسا ہے کہ مہنگے وکیل کرو تو انصاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر جگہ کمزور آدمی نے مار کھائی، سسٹم نے ہر جگہ غریب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ساری مراعات چھوٹے سے طبقے کے لیے ہے لیکن ہم نے اپنی قوم کو مسائل سے بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خالص دودھ کا بھی مسئلہ ہے، بچوں کو پوری غذا نہ ملنا بہت خوفناک ہے۔ پاکستان میں کبھی گائے اور بھینس کی جینز بارے سوچا ہی نہیں گیا۔