ایف آئی اے کا حمزہ شہباز کو تمام جائیدادوں کی منی ٹریل دینے کیلئے نوٹس
ثابت کریں کہ آپ کی جائیدادیں منی لانڈرنگ کے پیسوں سے نہیں بنائی گئیں،نوٹس
لاہور(ویب نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کو اپنی اور خاندان کی تمام پراپرٹیز کی منی ٹریل دینے کے لیے نوٹس جاری کر دیا، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 30 دن کے اندر منی ٹریل دی جائے ورنہ کارروائی ہوگی۔ایف آئی اے میں مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی اے نے حمزہ شہباز کو رواں ماہ کے اختتام تک دوبارہ طلب کر لیا ۔حمزہ شہباز سے گاڑیوں، بینک اکاونٹس، شیئرز، جیولری، کیش اور پرائز بانڈز کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں، ایف آئی اے کے نوٹس میں حمزہ شہباز سے استفسار کیا گیا ہے کہ ثابت کریں کہ آپ کی جائیدادیں منی لانڈرنگ کے پیسوں سے نہیں بنائی گئیں۔نوٹس میں کہا گیا کہ ان تمام جائیدادوں کی منی ٹریل ایف آئی اے کو دیں اگر ایسا کرنے میں ناکام رہے تو جائیدادیں ضبط بھی کی جا سکتی ہیں۔حمزہ شہباز کو موصول نوٹس کے مطابق جائیدادوں میں 2013 اور 2014 میں بنایا گیا جوڈیشل کالونی ٹھوکر نیاز بیگ لاہور میں 10 کنال کا گھر، جوہر ٹائون میں 71 کنال اراضی اور چنیوٹ کے موضع دھروٹ میں 250 کنال زرعی اراضی بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ شیف فیڈ ملز، مدینہ کنسٹرکشن کمپنی، مدنی ٹریڈنگ، شریف پولٹری فارمز، شریف ڈیری فارمز اینڈ ملک پروڈکٹس، رمضان شوگر ملز اور العربیہ شوگر ملز میں سرمایہ کاری اور خاندانی شیئرز کے حوالے سے تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔