پاکستان میں عید الاضحی 21 جولائی کو ہونے کا امکان
اسلام آباد(ویب نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق ذی الحج 1442 کے نئے چاند کی پیدائش 10 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق 6 بج کر 18 منٹ پر ہوگی۔محکمہ موسمیات کے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں عید الاضحی 21 جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ 29 ذیقعد یعنی 10 جولائی بروز ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے اور یکم ذی الحج 12 جولائی 2021 کو ہوسکتی ہے۔اس روز ملک بھر میں اکثر مقامات مطلع صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 10 جولائی کو ہوگا۔اسی طرح زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اسی روز اپنے اپنے علاقوں میں منعقد کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی ضروری نہیں کہ ہمیشہ درست ہو۔رواں سال رمضان المبارک کے دوران بھی پیشگوئی کی گئی تھی کہ شوال کا چاند 29 ویں روزے کو نظر نہیں آئے گا۔تاہم اس روز رویت ہلال کمیٹی کے طویل اجلاس کے بعد رات ساڑھے 11 بجے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔