چیئرمین پی ٹی اے کی موبائل ورلڈ کا نگریس 2021 میں شرکت
اسلام آباد (ویب نیوز ) چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل)ر( عامر عظیم باجوہ نے حال ہی میں اسپین میں ہونے والی جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس ”ایم ڈبلیو سی بارسلونا 2021” میں شرکت کی اور ”ڈیجیٹل پاکستان” وژن کی روشنی میں آئی سی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت اور پی ٹی اے کے حالیہ اقدامات کو اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران پی ٹی اے اور جی ایس ایم ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے) کی طرف سے تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ ایک خصوصی ” ریلائزنگ ڈیجیٹل پاکستان مائل سٹون راؤنڈ ٹیبل’ ‘ کے موقع پر کیا گیا۔ معاہدے کے تحت تعاون کے کلیدی شعبوں میں تعلیم و تربیت کا تبادلہ، ریگولیٹری ماڈرنائزیشن، ڈیجیٹل شمولیت کے مشترکہ منصوبے، ڈیٹا شیئرنگ کو ہم آہنگ کرنے، ڈیجیٹل ہنر مند پروگرام اور پاکستان کے آئی سی ٹی کے شعبے میں تحقیق شامل ہیں۔ جی ایس ایم اے مختلف پلیٹ فارمز پر پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرے گا اور علاقائی وعالمی فورمز پر ”ڈیجیٹل پاکستان” وژن کی توسیع میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔چیئرمین نے راؤنڈ ٹیبل کانفرس میں پاکستان کی ڈیجیٹل صورتحال، انڈسٹری چیلنجوں سے نمٹنے کے اقدامات اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے خصوصی خطاب بھی کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بیورو (آئی ٹی یو -بی ڈی ٹی)، ڈورین بوگدان مارٹن سے بھی ملاقات کی۔ چیئرمین نے آئی ٹی یو ڈائریکٹر سے پاکستان کے ڈیجیٹل منظر نامے سے متعلق بات چیت کی جس میں مارکیٹ کی صلاحیت، اسپیکٹرم روڈ میپ، حالیہ اقدامات اور ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات شامل ہیں۔ آئی ٹی یو ڈائریکٹر نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے لئے پی ٹی اے اور حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ اور اس حوالے سے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
چیئرمین نے افغانستان کی وزیر برائے کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، معصومہ خاوری سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے آئی ٹی کی وزیر کو افغانستان میں براڈ بینڈ کے تجربے میں عملی طور پر بہتری کے لئے پاکستان میں آپریٹروں کو شامل کرنے والے مجوزہ بین الاقوامی روابط کے حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین پی ٹی اے نے افغانستان کی وزیر آٹی کو ریگولٹری معلومات اور تجربے کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستان میں جدید ٹیلی کام اور آئی سی ٹی کی ترقی میں ٹیکنالوجی فراہم کنندگان کے کردار پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ہواوے کے صدر برائے مڈل ایسٹ ریجن، چارلس یانگ سے بھی ملاقات کی گئی۔ سالانہ موبائل ورلڈ کانگریس دنیا کی بہترین کانگریس میں شامل ہے۔ کانگریس میں پاکستان کے وفد کی شرکت کے ذریعے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں موجود وسیع مواقعوں کا نمایاں کرنے کا موقع ملا۔