لاہور (ویب ڈیسک)
جسٹس محمد امیر بھٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے 51ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب میں جسٹس محمد امیر بھٹی سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار، صوبائی وزرزائ، لاہور پائی کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اورانتظامی افسران نے شرکت کی۔ حلف برداری کے بعد گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے جسٹس محمد امیر بھٹی کو مبارکباددی۔ واضح رہے کہ جسٹس محمد قاسم خان گزشتہ روز اپنی 62سالہ عمر کو پہنچنے پر بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔ جسٹس محمد امیر بھٹی اپنی 62سالہ عمر کو پہنچنے پر سات مارچ2024کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ جسٹس محمد امیر بھٹی کے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعینات ہونے کے بعد جسٹس ملک شہزاد احمد خان ، لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت لاہور ہائی کورٹ میں ججز کی 60منظور شدہ آسامیوں میں سے 11خالی ہیں۔