خواتین انٹرپرینیورز ملک کا اثاثہ ‘ حکومت خصوصی ریلیف فراہم کرے’ مرزا عبدالرحمن
ایف پی سی سی آئی کی راولپنڈی وومن چیمبر کو مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی
آسان شرائط پر بلاسود قرض کی فراہمی ‘ای ڈی ایف فنڈ میں حصہ دیا جائے’ راولپنڈی وومن چیمبر
اسلام آباد( ویب نیوز ) مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا ہے کہ خواتین انٹرپرینیورز ملک کا اثاثہ ہیں انہیں کاروبار کے جدید طریقے و سہولیات بہم پہنچانا ایف پی سی سی آئی کی ذمہ داری ہے ۔ خواتین سماجی،اقتصادی اور انسانی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ، حکومت کو بھی خواتین کو با اختیار بنانے پر کیلئے عملی اقدامات اٹھانا چاہیں۔ ملک بھر کے وومن چیمبرز بالخصوص راولپنڈی وومن چیمبر کے جو بھی مسائل ہیں ایف پی سی سی آئی ان کے حل کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گا ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر نیلم خالد چوہدری کی سربراہی میں آنے والے خواتین اراکین چیمبر کے وفد کے ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس اسلام آباد کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر رخشندہ جیبن، نائب صدر فوزیہ تبسم ‘ ہزارہ ڈویژن وومن چیمبر کی بانی صدر فردوسیہ فضل ‘سابق صدر راولپنڈی وومن چیمبر عاصمہ کنول سمیت دیگر ممبران راحت جبین، عابدہ یاسمین، رضیہ سلطان، ثمینہ بی بی ، شمیم اختر، سعدیہ ناہید، نعیمہ ناز، صائمہ شاہد ، الماس اختر، شازیہ بی بی ، نویدہ خان، رخسانہ جبین، صائمہ ندیم ، شمائلہ کوثر و دیگر نے اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ وومن چیمبرز کو بھی وہی مقام دیا جائے جو دیگر چیمبرز کو دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے کامیاب جوان پروگرام کیلئے خواتین کو باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے تاکہ کاروباری خواتین اس سے بہتر طور پر مستفید ہو سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے پاس کاروبار کے بہترین آئیڈیاز ہیں مگر سرمایہ کی کمی کے باعث یہ آئیڈیاز ان کیلئے سود مند ثابت نہیں ہوتے ۔ حکومت و بنکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی کیلئے سخت شرائط کے باعث اکثر خواتین کاروبار کیلئے قرض حاصل نہیں کرپاتی ۔ انہو ں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آسان شرائط پر بلاسود قرضوں کی فراہمی یقینی بنائے انہوں نے مزید کہا کہ ای ڈی ایف فنڈ میں بھی خواتین چیمبرز کو حصہ دیا جائے اور فیڈریشن کے تمام دفاتر میں میں خواتین ممبران کیلئے دفتر قائم کیا جائے تاکہ ملک بھرکی کاروباری خواتین کو جو بھی مسائل درپیش ہوں وہ ایف پی سی سی آئی کے پلیٹ فارم سے اپنے مسائل پیش کرسکیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف پی سی سی آئی خواتین چیمبرز کی مشکلات کے خاتمہ اور ان کو خصوصی ریلیف کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن نے راولپنڈی چیمبر کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ہر چھوٹے بڑے تاجر چاہے وہ مرد ہو یا خواتین سب کا ادارہ ہے ۔ ایف پی سی سی آئی کے دروازے ان کیلئے ہر وقت کھلے ہیں ۔ کاروباری خواتین کو جو بھی مسائل درپیش ہوں وہ کسی بھی وقت ہمیں آگاہ کرسکتی ہیں ۔ ایف پی سی سی آئی خواتین چیمبرز کے مسائل کے خاتمہ سمیت ان کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاتا رہا ہے اور آئندہ بھی اٹھاتا رہے گا۔ مرزا عبدالرحمن نے نے وومن چیمبر کی خواتین کو فیڈریشن کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا ۔
—