حکومت خواتین کی دستکاری مصنوعات کے فروغ پر خصوصی توجہ دے۔ سردار یاسر الیاس خان
دستکاری مصنوعات کی نمائش کیلئے بڑے شہروں میں ڈسپلے سنٹرز قائم کئے جائیں
اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین کی دستکاری کی مصنوعات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے جس سے دیہی و شہری خواتین معاشی طور پر مضبوط ہوں گی، غربت کم ہو گی، خوشحالی کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی اور معیشت بھی بہتر ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کڑھائی اور تقش و نگار سمیت دستکاری کی عمدہ مصنوعات تیار کررہی ہیں تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ مقامی اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں ان مصنوعات کی بہتر نمائش کا اہتمام کیا جائے جس سے ان کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی باجی اینڈ کو کرافٹ سٹور کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جس میں 40 خواتین کرافٹرز کی ورسٹائل مصنوعات کو مستقل نمائش کیلئے پیش کیا گیا۔انہوں نے دستکاری کی بہترین مصنوعات تیا ر کرنے پر خواتین کرافٹرز کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی اعلیٰ معیارکی دستکاری کی مصنوعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ خواتین اس کاروبار میں کافی آگے بڑھ سکتی ہیں۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پسماندہ علاقوں سمیت دیہی و شہری خواتین کی دستکاری کی مصنوعات کے کاروبار کو فروغ دینے کی وسیع گنجائش ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان کے کاروبار کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کرے تا کہ مزید خواتین اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے کاروبار میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس شعبے میں خواتین کی صلاحیتوں کی نشوونما کے لئے دیہی اور شہری علاقوں میں ہنڈی کرافٹ ٹریننگ سنٹرز قائم کرے تاکہ ہماری خواتین مزید اعلیٰ معیار کی دستکاری مصنوعات تیار کر کے اس کاروبار میں بہتر ترقی حاصل کر سکیں اور تجارت و برآمدات کو فروغ دینے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان میں دستکاری کی مصنوعات کا مستقبل روشن ہے کیونکہ اس شعبے میں نہ تو بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی قیمتی مشینری، عمارتوں اور توانائی کی ضرورت ہوتی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اس شعبے کی بہتر ترقی کیلئے سازگار پالیسیاں تشکیل دے تا کہ ہماری خواتین کی دستکاری کی مصنوعات کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو جس سے ہماری برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت بڑے شہروں میں دستکاری کی مصنوعات کی نمائش کیلئے ڈسپلے سنٹرز قائم کرے جس سے ان کے کاروبار کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے باجی اینڈ کو اسٹور کی انتظامیہ کی کاشوں کو بھی سراہا جنہوں نے بہت سی خواتین کرافٹرز، جو گھر سے کاروبار کر رہی تھیں، کی مصنوعات کو ایک ہی چھت کے نیچے لا کر نمائش کیلئے پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس سے خواتین کرافٹرز کیلئے ترقی کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔