کراچی:نئے کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدیدمندی۔21ارب روپے ڈوب گئے
سرمائے کا مجموعی حجم 82کھر ب روپے ہوگیا۔62.37فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔کے ایس ای100انڈیکس 47400پوائنٹس پرآ گیا
کراچی( ویب نیوز)نئے کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 47500پوائنٹس سے گھٹ کر47400پوائنٹس پر آگیا جبکہ مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے21ارب روپے ڈوب گئے جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 83کھرب روپے سے گھٹ کر82کھر ب روپے کی سطح پر آگیا جبکہ62.37فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ پیر کو سرمایہ کاروں اورمالیاتی اداروں کی جانب اسٹیل ،فوڈ ز،بینکنگ ،پیٹرولیم سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 47715پوائنٹس کی سطح کوچھو گیا تھا تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دبائو کے سبب انڈیکس اپنی سطح کو برقرار نہ رکھ سکا اور مندی کے بادل چھا جانے سے مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئیں جس کی وجہ سے پیر کو کے ایس ای100انڈیکس میں 116.37پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 47563.45پوائنٹس سے کم ہو کر 47447.08پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 49.13پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 19110.87پوائنٹس سے کم ہو کر 19061.74پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32542.43پوائنٹس سے کم ہوکر 32428.10پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 21ارب9کروڑ15لاکھ87ہزار397روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم83کھر ب15ارب 80کروڑ53لاکھ77ہزار180روپے سے گھٹ کر 82کھرب94ارب 71کروڑ37لاکھ 89ہزار783روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو 14ارب روپے مالیت کے 47کروڑ49لاکھ94ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ گذشتہ جمعہ کو 15ارب روپے مالیت کے 50کروڑ59لاکھ 93ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 412کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میںسے136کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںاضافہ ،257میں کمی اور 19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔کاروبار کے لحاظ سے ورلڈ کال ٹیلی کام 7کروڑ9لاکھ ،ٹریٹ کارپوریشن 6کروڑ36لاکھ ،ٹی پی ایل کارپوریشن 2کروڑ73لاکھ ،غنی گلوبل گلاس 2کروڑ24لاکھ اور یونٹی فوڈز لمیٹڈ 2کروڑ14لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتو ں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے پاک ٹوبیکو کے حصص کی قیمت میں 45.44روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے بعد اسکے حصص کی قیمت 1300.00روپے ہوگئی اسی طرح 40.90روپے کے اضافے سے محمود ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت بڑھ کر 587.90روپے ہو گئی جبکہ نیلسے پاکستان کے حصص کی قیمت 215.00روپے کی کمی سے 5875.00روپے ہو گئی اسی طرح 29.01روپے کی کمی سے سیفائر ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت 909.99روپے ہو گئی ۔