کراچی:اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم۔ انٹر بینک میں 20پیسے مہنگا ہوگیا
قیمت خرید 159.10روپے سے بڑھ کر159.30روپے اور قیمت فروخت159.40روپے ہو گئی

کراچی(ویب  نیوز) انٹر بینک میں پیرکو روپے کے مقابلے ڈالر مہنگا ہو گیا جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی ۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر20پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت خرید 159.10روپے سے بڑھ کر159.30روپے اور قیمت فروخت159.20روپے سے بڑھ کر159.40روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159.40روپے اور قیمت فروخت159.70روپے پر برقرار رہی ۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یوروکی قدر میں60پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یوروکی قیمت خرید 187روپے سے گھٹ کر186.50روپے اور قیمت فروخت189روپے سے گھٹ کر188.40روپے ہو گئی اسی طرح 1روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 219روپے سے گھٹ کر218روپے اور قیمت فروخت221روپے سے کم ہو کر220روپے پر آ گئی ۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا7ڈالر کی کمی سے1801ڈالرہو گیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا ۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق پیر کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں450روپے کی کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ 8ہزار850روپے اور دس گرام سونے کی قیمت386روپے کی کمی سے 93ہزار321روپے ہو گئی ۔