حکومت کا اصل مقصد گورننس کے ذریعے آسانی پیدا کرنا ہوتا ہے، نادرا وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا الیکشن کرائیں گے کہ اپوزیشن انتخابی شکست قبول کرے گی،حکومت کا اصل مقصد گورننس کے ذریعے آسانی پیدا کرنا ہوتا ہے ۔اسلام آباد میں نادرا وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کرانا چاہتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ای ووٹنگ کا نظام اور پاکستانی ووٹرز کے لیے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا استعمال یقینی بنانا ہے۔ اس وقت 90 لاکھ پاکستانی بیرون ممالک مقیم ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے ملک چلتا ہے، کوشش ہے اوورسیز پاکستانی ای ووٹنگ سے ووٹ کاسٹ کر سکیں، پولنگ ختم ہونے اور نتائج کے دوران دھاندلی ہوتی ہے، ای وی ایم مشین دھاندلی کو ختم کر دے گی، ایسا الیکشن کرائیں گے کہ اپوزیشن شکست قبول کرے گی، حکومت کا اصل کام عوام کے لئے آسانی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب حکومتی ادارے غیر فعال ہوں جائیں تو حکومت عوام کی خدمت کرنے سے قاصر ہوجاتی ہے اور پھر عوام حکومت کی خدمات کرتے ہیں اور یہ ناقص نظام کی علامت ہے،وزارت قانون پر بہت دبائو ہے، ہم بھی شکایت کرتے ہیں کہ وزارت قانون میں فائل جاتی ہے تو پتہ نہیں چلتا کہاں گئی،سرکاری اداروں میں ہر کام انتہائی دشواری سے ہوتا ہے، ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے لوگوں کے لیے آسانی پیدا کی جائے۔عمران خان نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے انقلاب آگیا ، نادرا نے وراثتی سرٹیفکیٹ کے حصول کو بہت سادہ بنادیا ہے،چیئرمین نادرا سے امید ہے کہ وہ عوام کے لیے ہر ممکن آسانی پیدا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ عدالت میں آدھے کیسز زمینوں سے متعلق ہوتے ہیں، قبضہ گروپ بھی اس لیے وجود میں آتے ہیں کہ زمین کے کیسز جلدی ختم نہیں ہوتے تو اس لیے ہم لینڈ ریکارڈ ٹیکنالوجی بیس کررہے ہیں، فائل گم ہوجاتی ہے، زمینوں کی فائلوں کو آگ لگ جاتی ہے، اگست تک اسلام آباد کے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوجائیں گے، پیپرلیس نظام آنے سے فراڈ ختم ہوجاتا ہے،ہمیںمسلسل لوگوں کی زندگیاں آسان کرنا ہیں۔انہوں نے کہاکہ شوکت خانم ہسپتال میں بھرپور طریقے سے ٹیکنالوجی کا استعمال ہوتا ہے جس کی وجہ سے کرپشن کا وجود ہی نہیں رہا، کوشش ہے کہ حکومت میں ای گورننس لے کر آئیں۔