وادی مالم جبہ کے پہاڑی خطے میں ایروماڈلنگ کامیلہ سج گیا
ملک بھر سے ائیروماڈلرز نے سمندر سے 9200 فٹ کی بلندی پر اپنے ریموٹ کنٹرول ہوائی جہازوں کو اڑانے کا انوکھا تجربہ کیا
سوات ( ویب نیوز)سوات کی فلک بوس وادی مالم جبہ کے پہاڑی خطے میں ایروماڈلنگ کامیلہ سج گیا۔جہاز اڑانے کے اس میلے میں ملک بھر سے ائیروماڈلرز نے سمندر سے 9200 فٹ کی بلندی پر اپنے ریموٹ کنٹرول ہوائی جہازوں کو اڑانے کا انوکھا تجربہ کیا۔مالم جبہ اسکی انگ ریزورٹ انتظامیہ نے ایروماڈلنگ کے شوقین افراد کی رہنمائی کے لئے وادی میں تفریحی سرگرمیوں کے بعد مہم جوئی اور کھیلوں کی سیاحت پروان
چڑھانے کے لئے بھی سرگرمیاں شروع کردی ہیں ۔اس شو میں ملک بھر سے آنے والے ماہرین نے وادی میں جہاں ریموٹ کنٹرول اور ہاتھوں کے ذریعے اڑائے جانے والے جہازوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا وہیں بچوں کو بھی اس فن کے گرسکھانے کے لئے خصوصی سیشن کا اہتمام کیاگیا ۔ایروماڈلر عثمان نے بتایا کہ پاکستان میں صرف تین ایروماڈلنگ کلب موجود ہیں جبکہ برطانیہ میں اس طرح کی 800 کے قریب سہولیات موجود ہیں۔شو میں ریموٹ کنٹرول فلائنگ ، کِٹ اسمبلنگ اور ہوائی جہازوں کے ڈسپلے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اس موقع پر جی ایم ٹورزم خیبر پختونخوا کامران آفریدی نے صوبے میں جلد نئے سیاحتی مقامات متعارف کرانے کی نوید سنائی اورکہاکہ ہم سیاحت کے میدان میں کئی ایک منصوبوں پر کام کررہے ہیں ۔موجودہ حکومت نے سیاحت کی فروغ کے لئے 8بلین روپے مختص کئے ہیں اسی طرح ضم شدہ علاقوں کے لئے بھی تین بلین روپے رکھے گئے ہیں اوران منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔سو کلومیٹر روڈز تعمیر کئے جارہے ہیں تاکہ سیاحوں کو آمدورفت میں آسانی ہو اورجن علاقوں میں سیاحوں کے لئے جگہ کم پڑگئی ہے تو مزید چار مقامات کو متعارف کرایا جارہاہے،انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے مزید 8 سیاحتی مقامات کی بھی منظوری دیدی ہے۔