مظفر آباد (ویب ڈیسک)
سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات نتائج کے مطابق ٹرن آئوٹ 58 فیصد رہا، ٹرن آئوٹ گزشتہ انتخابات کے مقابلے 7 فیصد کم ہے، 2016 کے عام انتخابات میں ٹرن آئوٹ 65 فیصد رہا تھا۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ 3 میں ہنگامہ آرائی کے بعد ایل اے 16 کے نتائج روک دیئے، ایل اے 16 کے 4 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔دوسری جانب آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں تحریک انصاف نے اکثریت حاصل کرلی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 25 سیٹیں لے گئی، پیپلز پارٹی 11 اور نواز لیگ 6 حلقوں سے کامیاب ہوئی، مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی نے ایک، ایک نشست جیت لی۔