الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیشی پر سیکرٹری داخلہ طلب

 الیکشن کمیشن اڈیالہ جیل میں جا کر کیس کی سماعت کرے، وزارت داخلہ کی تجویز

اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی سے معذرت سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی

وزارت داخلہ اگر ایک شخص کو سکیورٹی نہیں دے سکتا تو الیکشن کیسے کرائیں گے؟ وزارت داخلہ کیسے ہمیں حکم دے سکتا ہے؟،الیکشن کمیشن

 چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، جس کا اظہار وہ خود بھی آکر چکے ہیں،اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس

 چیئرمین پی ٹی آئی جو کہتے ہیں آپ کو یقین ہے کہ صحیح کہہ رہے ہیں؟،ممبرسندھ

الیکشن کمیشن کی اصل توہین ہوئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے جانے کے بوجودحکم پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، وکیل شعیب شاہین

الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی

اسلام آباد (ویب  نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیشی پر سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا۔چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی پیش نہ ہوسکے۔دوران سماعت وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اصل توہین ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے کہ انہیں الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے لیکن اس حکم پر تو کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔ اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، جس کا اظہار وہ خود بھی آکر چکے ہیں۔ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جو کہتے ہیں آپ کو یقین ہے کہ صحیح کہہ رہے ہیں؟۔اس موقع پر اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی سے معذرت سے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔رپورٹ میں وزارت داخلہ کی جانب سے تجویز دی گئی کہ الیکشن کمیشن اڈیالہ جیل میں جا کر کیس کی سماعت کرے۔اے آئی جی پنجاب پولیس نے کہا کہ پنڈی گنجان آبادی پر مشتمل ہے، انکا سفر خطرات سے خالی نہیں جس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے آپ لکھوا کر لے آئیں کہ میں معذرت کرتا ہوں۔الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہ کرنے پر سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا۔الیکشن کمیشن  نے کہاکہ وزارت داخلہ اگر ایک شخص کو سکیورٹی نہیں دے سکتا تو الیکشن کیسے کرائیں گے؟ وزارت داخلہ کیسے ہمیں حکم دے سکتا ہے؟۔الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔